صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 26 اپریل 2024 

فخر عالم کی وزیر اعظم سے ملک میں لاک ڈاؤن کی درخواست

ویب ڈیسک | ہفتہ 21 مارچ 2020 

کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے باعث پاکستان کے نامور اداکار و میزبان فخر عالم نے بھی ایک ویڈیو جاری کردی جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملک میں 2 ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کرنے کی درخواست کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فخر عالم نے لکھا کہ ’وزیراعظم عمران خان اس سے قبل کہ دیر ہوجائے، میری درخواست ہے کہ لاک ڈاؤن کریں، میں جانتا ہوں آپ اس وقت معاشرتی بدامنی کی وجہ سے پریشان ہوں گے لیکن ہم اس سے کہیں زیادہ خراب صورتحال میں مبتلا ہوسکتے ہیں'۔

اپنی ویڈیو میں فخر عالم کا کہنا تھا کہ ’عمران بھائی ہم سب جانتے ہیں کہ آپ کے دل میں انسانیت کے لیے، انسانوں کے لیے، غریبوں کے لیے، پاکستانیوں کے لیے کیا جگہ ہے، اس میں کوئی شک کی بات نہیں، آپ ایک نیک انسان ہیں اور میں یہ بھی جانتا ہوں کہ اس وقت آپ کی قیادت کو سب سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’تاہم میری آپ سے ایک پاکستانی ہونے کی حیثیت سے گزارش ہے، میں غلط بھی ہوسکتا ہوں لیکن ایک طرف سرکار یہ کہہ رہی ہے کہ لوگ گھر پر رہیں، دفاتر نہ جائیں، باہر نہ نکلیں، سماجی تنہائی اختیار کریں، اس کے نتیجے میں جو غریب طبقہ ہے وہ ویسے ہی متاثر ہورہا ہے‘۔

فخر عالم کے مطابق ’حکومت نے آدھی پالیسی بنائی ہے کہ غریب طبقہ روزی کمانے کے لیے باہر نکل سکتا ہے لیکن باقی لوگ نہیں نکل سکتے ہیں، عمران خان میری آپ سے گزارش ہے کہ آدھی آدھی پالیسی رکھنے کے بجائے ایک پالیسی بنائیے‘۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ دو ہفتوں کے لیے شہروں کے مختلف پوائنس پر راشن بانٹنا شروع کردیں اور کرفیو جیسا لاک ڈاؤن کردیں تو یہ بہتر فیصلہ ہوگا۔

معروف اداکار و میزبان نے کہا کہ سرکاری کارکنان کو دستانے اور ماسک فراہم کیے جائیں جو راشن کو ضرورت مندوں کے گھروں تک منتقل کریں، ساتھ ساتھ اسکولز کی فیس جو والدین کو اس وقت ادا کرنی پڑ رہی ہے وہ معاف کی جائے کیوں کہ اس وقت نہ وہ کام پر جارہے ہیں اور نہ گھروں سے نکل رہے ہیں۔

فخر عالم کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت جو بھی فیصلہ لے گی وہ حتمی ہوگا، یہ نہیں کیا جاسکتا کہ غلط فیصلہ لے لیا اور اس کو بعد میں ٹھیک کریں، اس لیے عمران خان جو بھی فیصلہ لیں سوچ سمجھ کر لیں۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔