صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 26 اپریل 2024 

منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری، بلاول سے نیب ہیڈ کوارٹر میں تفتیش جاری

اکثریت ڈیسک | بدھ 20 مارچ 2019 

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری منی لانڈرنگ کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوگئے۔ نیب نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ اور پارک لین کمپنی سے متعلق تفتیش کے لیے دونوں کو آج طلب کیا تھا۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نیب ہیڈ کوارٹر کی عمارت میں داخل ہوئے تو انہیں الگ الگ کردیا گیا، اور دونوں سے الگ الگ ٹیمیں سوالات کررہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری سے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق اور بلاول بھٹو زرداری سے پارک لین کمپنی میں شیئرز سے متعلق پوچھ گچھ ہورہی ہے۔

ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیموں میں مجموعی طور پر 16 افسران شامل ہیں اور 4 کیس افسران کیسز کی نگرانی کررہے ہیں جب کہ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی دونوں تفتیشی ٹیموں کی نگرانی کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیمیں آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے سوالات کررہی ہیں اور انہیں ایک سوالنامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی پیشی کے موقع پر نیب ہیڈ کوارٹرز کے باہر پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے جب کہ نیب ہیڈ کوارٹر کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ نیب آفس جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں تاہم اس کے باوجود نادرا چوک پر موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے تمام رکاوٹیں ہٹا دیں اور جیالے سیکیورٹی حصار توڑتے ہوئے نیب ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے۔

پولیس نے پیپلز پارٹی کے متعدد کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا۔ جیالوں نے وفاقی حکومت اور شیخ رشید کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور نیب دفتر کے سامنے وفاقی وزیر عامر کیانی کی گاڑی کو روک لیا۔ یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ روز آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی دس دن کے لیے عبوری ضمانت منظور کی تھی اور اس سے قبل ان کے کیس کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔