واشنگٹن: امریکی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان کو افغان جنگ نے اپنے ایٹمی ہتھیار رکھنے میں مدد دی جبکہ چین کی جانب سے بھی پاکستان کی حمایت کرنے پر زور دیا گیا۔ یہ انکشافات امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے 1980 کی دہائی کے دستاویزات میں سامنے آیا۔ تقریباً 30 برس بعد جاری ہونے والے ان دستاویز میں بتایا کہ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے سابق چیئرمین ڈینگ شیاپنگ نے امریکا پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے باوجود اس کی مدد جاری رکھے۔امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں اگست 1984 کے خفیہ دستاویز پر مشتمل رپورٹ کے مطابق واشنگٹن کو اس وقت یہ معلوم ہوگیا تھا کہ پاکستان نے ایٹمی ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستانی حکام کی جانب سے انکار کے باوجود امریکی کو یہ خفیہ اطلاعات موصول ہوگئیں تھیں کہ پاکستان ایٹمی ہتھیار کے ایک ‘پرفیکٹ’ ڈیزائن کو تیار کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اس وقت اس رپورٹ میں کہا گیا کہ 'پاکستان کی یورینئم حاصل کرنے کی حالیہ پیش رفت کے مطابق بہت جلد یہ صورتحال پیدا ہوجائے گی جہاں ہم اس بات کو نظر انداز نہیں کر پائیں گے کہ پاکستان ایٹمی ہتھیار بنانے سے متعلق اقدامات کر رہا تھا'۔ مذکرہ پیش رفت نے واشنگٹن کو مجبور کردیا کہ وہ پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق سرگرمیوں کو برداشت کرے اور دنیا میں اپنی ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کی ساکھ کو خراب کرے جس کی وجہ سے اسے پاکستان کی سیکیورٹی امداد کے لیے کانگریس کے اقدامات کے خلاف جانا تھا جبکہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں بھارت پاکستان کے ایٹمی پروگرم پر حملہ بھی کرسکتا تھا۔