صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
بدھ 29 اکتوبر 2025 

فاقہ کشی سے رگیں جوان رہتی ہیں، تحقیق

اکثریت ڈیسک | منگل 18 ستمبر 2018 

تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ فاقے (یا روزے) سے جسم کی اندرونی وریدیں اور شریانیں طویل عرصے تک جوان رہتی ہیں۔

اگرچہ وقفے وقفے سے فاقوں اور روزوں کے وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ کئی فوائد سامنے آتے رہے ہیں لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ روزے سے جسم میں ایک خاص سالمہ (مالیکیول) پیدا ہوتا ہے جو رگوں اور شریانوں کی عمر رسیدگی کو روک کر انہیں تادیر جوان رکھتا ہے۔

جارجیا اسٹیٹ یونیورسٹی کے  ماہرین نے طویل مطالعے کے بعد کہا ہے کہ روزے اور کم کاربوہائڈریٹس والی غذاؤں کے استعمال سے جسم جس کیفیت میں آتا ہے اس میں اضافی چکنائیاں گلوکوز کے بجائے توانائی جمع کرنے لگتی ہیں۔ اس عمل میں ایک مالیکیول ’’بی ٹا ہائیڈروکسی بیوٹائریٹ‘‘ پیدا ہوتا ہے جو خلیات کے حیاتیاتی چکر (لائف سائیکل) پر اثرانداز ہوتے ہوئے ان کی عمررسیدگی کو روکتا ہے۔

اس کا انکشاف تحقیق میں شامل اہم سائنسدان ڈاکٹر مِنگ ہوئی زو نے کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ فاقے سے خلیات میں مائٹوکونڈریائی سرگرمیاں بھی تبدیل ہوجاتی ہیں۔

خلوی سطح پر جاری یہ تبدیلی ان کی زندگی بڑھاتی ہے، عمر رسیدگی کو روکتی ہے اور یوں پورے بدن پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بی ٹا ہائیڈروکسی بیوٹائریٹ مالیکیول پورے جسم کی رگوں میں خلیات کی بے عملی کو درست وقت پر بریک لگاتے ہوئے خلوی تقسیم (سیل ڈویژن) بڑھاتا ہے اور انہیں بوڑھا ہونے سے روکتا ہے۔

جب اس مالیکیول کو چوہوں پر آزمایا گیا تو انکشاف ہوا کہ یہ اسٹیم سیل کو بھی تحریک دے کر خون کی رگوں کو جوان رکھتا ہے۔ یہ کوئی معمولی عمل نہیں کیونکہ شریانوں کا جوان رہنا امراضِ قلب سے لے کر الزائیمر جیسی خطرناک اور جان لیوا بیماریوں تک کو روکتا ہے۔ اسی لیے فاقے کی اس افادیت کو غیرمعمولی قرار دیا جاسکتا ہے۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔