لاہور(خصوصی نما ئندہ )امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کو فرقہ واریت، پارٹی بازی اور برادری ازم کی دلدل سے نکالیں گے ،روایتی سیاست کے بجائے نظریہ پاکستان کی بنیا د پرملک گیر تحریک کھڑی کرینگے ، ہزاروں نوجوان ملی مسلم لیگ میں شامل ہو رہے ہیں،لوگوں کی محبتیں ہمارااثاثہ ہیں، سیاسی جماعتوں کا الیکشن ختم ہو گیا،ہم پورے ملک میں خدمت انسانیت کی بنیاد پر سیاست کا عمل جاری رکھیں گے ،بلدیاتی الیکشن میں بھرپور انداز میں حصہ لیں گے ۔ پھولنگرکے مقامی شادی ہال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسلام اور پاکستان کیخلاف سازشیں عروج پر ہیں ، ہم نے ملک کو سازشوں سے محفوظ رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران ملی مسلم لیگ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں،الیکشن کمیشن پر دبائو بڑھا کر رجسٹریشن سے روکا گیا، انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ملک کو مدینہ جیسی ریاست بنائیں گے ، ہم ان کیلئے دعا گو ہیں ۔