صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
منگل 28 اکتوبر 2025 

فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ کا ٹریلرریلیز

اکثریت نیوز | منگل 26 جون 2018 

2015 میں ریلیز ہونے والی کامیاب پاکستانی فلم’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘کے سیکوئل ’’جوانی پھرنہیں آنی2‘‘کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ کامیڈی سے بھرپور نہایت خوبصورت فلم تھی جس میں اداکار ہمایوں سعید ، حمزہ علی عباسی، واسع چوہدری ، احمد علی بٹ، عائشہ خان، مہوش حیات اورسوہائے علی ابڑو نے اپنی بہترین اداکاری کرکے جان ڈال دی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ پاکستانی شائقین فلم کے سیکوئل کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے۔ پہلی فلم کی کامیابی کے بعد دوسری فلم سے امیدیں بھی زیادہ وابستہ تھیں۔ تاہم گزشتہ روز ریلیز ہونے والے ٹریلر نے واضح  کردیا کہ ایکشن، کامیڈی اور سسپنس سے بھرپورفلم’’جوانی پھر نہیں آنی 2‘‘ عیدالضحیٰ پر پاکستانی شائقین کے لیے زبردست تحفہ ثابت ہوگی۔

’’جوانی پھر نہیں آنی 2‘‘میں حمزہ علی عباسی کی جگہ فہد مصطفیٰ کو کاسٹ کیا گیا ہے، ٹریلر میں فہد مصطفیٰ کو فلم کے مرکزی کردار ہمایوں سعید کا دوست دکھایا گیا ہے تاہم ٹریلر کے اختتام تک دونوں ایک دوسرے کے دشمن کے طور پرسامنے آتے ہیں۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ فلم میں دونوں کی پرفارمنس اتنی زبردست ہے کہ اندازہ لگانا مشکل ہے فلم کامرکزی ہیرو کون ہے۔

اس بار فلم میں اداکارہ ماورہ حسین اورکبریٰ خان اپنی اداؤں کے جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی، فلم کے سیٹ اورسینماٹوگرافی سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ فلم پر پیسہ دل کھول کر خرچ کیاگیا ہے۔ فلم میں ہمایوں سیعد جہاں ایکشن کرتے نظر آئے وہیں اپنے مزاحیہ ڈائیلاگ سے سب کو محظوظ کیا۔

ہمایوں سیعد کو پاکستان کا شاہ رخ خان کہا جاتا ہے اسی مناسبت سے انہوں نے فلم میں شاہ رخ خان کی فلم’’رئیس‘‘کے مقبول ترین ڈائیلاگ ’’امی جان کہتی تھیں‘‘کی بڑے مزاحیہ انداز میں نقل کی ہے۔

ہمایوں سیعد، فہد مصطفیٰ، واسع چوہدری، احمد بٹ، ماورا حسین، کبریٰ خان، ثروت گیلانی اور سہیل احمد جیسی بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم’’جوانی پھر نہیں آنی2‘‘عید الضحیٰ کے موقع پرریلیز کی جائے گی۔امید ہے جس طرح عید الفطر کے موقع پر پاکستانی شائقین کو بہترین فلمیں دیکھنے کو ملی ہیں عید الضحیٰ پر بھی مقامی سینماؤں میں پاکستانی فلموں کا راج ہوگا۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔