صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعرات 25 اپریل 2024 

علم وادب کا ایک ستارہ جو غروب ہوا!

مفتی عبدالوہاب شارجہ | پیر جنوری 2021 

مجھے یقین ہے ان کا کمرہ اب بھی کتابوں کی خوشبو سے مہک رہا ہوگا، ان کی نشست کا ایک حصہ اب بھی کتابوں سے لدا ہوا ہوگا، سائڈ میں پڑے ڈسک پر بکھرے سفید کاغذ، اخبارات اور کئی رسائل اب بھی کمرے کی زینت بنے ہوئے ہونگے، قرآن وحدیث، فقہ، ادب، فسلفہ، تاریخ، اور شاعری پر لکھی گئی کتابیں شاید اب بھی ترتیب سے بک شیلف میں نظر آرہی ہونگیں، اور موٹے شیشے والی نظر کی عینک جو وہ پہنا کرتے تھے ممن ہے اب بھی اسی کمرے کا حصہ ہو لیکن صد افسوس کہ استاد محترم مولانا مسعود باللّٰلہ قلمی نام (ابن الحسن عباسی) صاحب خود نہیں رہے ۔ آپ جامعہ تراث الاسلام کراچی کے بانی اور جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل کالونی کراچی کے سابق استاد تھے۔ 'ماہنامہ وفاق المدارس' ایک طویل عرصہ تک ان ہی کی ادارت میں شائع ہوتا رہا ہے جبکہ وفات تک آپ معروف علمی و تحقیقی ماہنامہ رسالے النخیل کے ایڈیٹر اور خواتین کے مقبول عام میگزین 'حیا' کے ایڈیٹر انچیف تھے ۔ ابھی گزشتہ دنوں ہی رسالہ النخیل کا مطالعہ نمبر پاکستان و ہندوستان دونوں ملکوں سے بڑی آب و تاب کیساتھ شائع ہوا تھا جس کی بڑی پذیرائی ہوئی تھی۔
فن تدریس میں آپ کی مہارت کا عالم یہ تھا کہ درس نظامی میں رائج مشکل کتابوں کے مغلق اور پیچیدہ مقامات کو بڑے سہل اسلوب میں حل فرماتے تھے، انہیں بجا طور پر درس وتدریس اور تصنیف وتالیف کے میدان کا اہم ستون کہا جاسکتا تھا ، عربی اور اردو ادب پر ان کو یکساں عبور حاصل تھا یہی وجہ ہے کہ ان کی بعض عربی کتب کی شروحات کو علما اور طلبا میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہے۔ ان کا تعلق کالا ڈھاکہ ضلع تورغر سے اور مادری زبان پشتو تھی لیکن اردو میں بات کرتے ہوئے آپ سے ناواقف شخص یہ نہیں جان سکتا تھا کہ آپ کی مادری زبان پشتو ہے۔ آپ ایک کہنہ مشق مدرس ہونے کیساتھ ساتھ صاحب طرز ادیب ، بہترین مصنف اور یگانہ روز گار کالم نگار بھی تھے اور اردو تذکرہ نگاری و خاکہ نویسی میں ایک ممتاز مقام رکھتے تھے چنانچہ ہند وپاک میں ان کی کتابوں اور مضامین کو ایسی غیر معمولی مقبولیت ملی جو شاید ہی کسی اور معاصر کی قسمت میں آئی ہو ۔ وہ تصنع سے مبرا ، تکلف سے کوسوں دور، درس وتدریس اور تصنیف وتالیف کی دنیا کے مرد میدان تھے ۔جذبات کے تابع ہوئے اور نہ کبھی ہوش پر جوش کو غالب آنے دیا ، انہوں نے کسی مخصوص جماعت کا حصہ بننے کے بجائے تا دم مرگ فقط علمی دنیا سے وابستہ رہنے کو تر جیح دی، وہ اپنی ذات میں ایک قلندر صفت انسان مگر بحر آگہی کے شناور تھے، ان کا فیضان علم سب کیلئے عام اور ان کی ذات خیر کا مصدر تھی، وہ شہرت ومناصب سے بینیاز مگر صبح و شام ان کی بزم ادب سے نور فشاں تھیں اور علما کے حلقہ میں ان کا اچھا تعارف، شہرت اور مقام تھا ، ان کو علم سے اس قدر لگاو تھا کہ ہر وقت کتابوں کی درسگاہ میں تشریف فرما ہوتے، ان کو شاذ ونادر ہی ہم نے اپنے زمانہ طالب علمی میں کتاب کے بغیر دیکھا ۔اللّٰلہ جانے کہ انہوں نے کتب بینی سے کتب سازی تک کا سفر اتنی جلدی کیسے طے کیا! بندہ کو ان سے جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل کالونی کراچی میں کئی کتابیں پڑھنے کا اور ان کی ایک کتاب" کرنیں "کے چند صفحات کی پروف ریڈنگ کا شرف حاصل ہے۔ یوں تو شاگرد کو اپنے ہر استاد سے محبت ہوتی ہے لیکن مجھ ناچیز کو ان سے کچھہ زیادہ ہی محبت تھی۔ کچھ عرصہ پہلے کسی نے خبر دی تھی کہ حضرت امارات بھی آتے جاتے ہیں، میسنجر پر دعا سلام کے بعد بندہ پر امید تھا کہ اس بار ان کے امارات آنے پر خدمت کا موقع ضرور ملے گا ۔ لیکن افسوس۔۔۔۔ کہ یہ تمنا پوری نہ ہو سکی۔ اب تو بس یوں ہی کہا جاسکتا ہے کہ"
آسمان تیری لحد پہ شبنم آفشانی کرے۔
تصنیف وتالیف کے نام پر بعض نام نہاد اہل قلم نے رطب ویابس کے کیسے کیسے انبار نہیں لگادییے ہیں، مگر مصنف مرحوم کی ہر تصنیف کا ہر مضمون اردو ادب کا ایک شہ پارہ ہے، ان کی تحریروں میں غضب کی سحر انگیزی، موجوں کی روانی، نسیم سحر کی نزاکت، پھولوں کی مہک اور کہساروں کی رفعت ہے، یقین نہ آئے تو ان کی کوئی ایک کتاب پڑھ کر دیکھ لیجیے، آپ میری بات کی تائید کئے بغیر نہیں رہیں گے ہاں یہ ضرور ہے کہ ان کی کتابوں میں ادب کی چاشنی خالص اسلامی ہے، ایسا شفاف ادب جو شاعرانہ تخیل، کفر وزندقہ، فلسفیانہ موشگافیوں، بے وقت کی راگنی، مہمل داستانِ عشق، افسانہ نگاری، ناول نویسی، لطیفہ گوئی اور چنچل حسیناں کی خرمستیوں اور قاتل اداں سے بالکل پاک وصاف ہے۔
ان کی ایک درجن سے زیادہ تصانیف ہیں اور ہر کتاب کا انداز نرالا ہے ، یہ ساری کتب علم و ادب کے شائقین میں بے پناہ مقبول ہیں۔ التجائے مسافر ، کتابوں کی درسگاہ میں، داستاں کہتے کہتے، کرنیں اور عربی ادب کی کتاب مقامات کی شرح وغیرہ لیکن ایک کتاب "متاع وقت اورکاروانِ علم" کی شان ہی کچھ الگ ہے، یوں کہا جاسکتا ہے کہ ان کے گلہائے رنگارنگ میں یہ کتاب گل گلاب کی حیثیت رکھتی ہے، اس کتاب میں مصنف مرحوم نے جس ادبی اور علمی انداز میں وقت کی قدر و قیمت کو سمجھایا ہے اور جس عاشقانہ اسلوب میں چند اساطین علم کا تذکرہ فرمایا ہے شاید ہی اس موضوع پر اردو زبان کی کسی اور کتاب میں یہ جامعیت پائی جاتی ہو، یہ کتاب بار خاطر بن جانے والے طول اور مقصود سے قاصر رہ جانے والے اختصار دونوں سے پاک متوسط درجے کی ضخامت میں مرتب کی گئی ہے۔
اسی طرح ان کی عربی ادب کی کتاب 'مقامات حریری' کی شرح 'درس مقامات' سے کونسا استاد اور شاگرد واقف نہیں ہوگا ؟ بظاہر تو یہ ایک عربی کتاب کا ترجمہ وتشریح ہے لیکن حقیقت میں یہ بجائے خود مستقل اور طبع زاد تصنیف بن چکی ہے جو گویا عربی اردو ادب دونوں کا مجموعہ ہے۔
افسوس کہ وہ متاع وقت کا احساس دلاتے دلاتے خود آج رفتہ کاروان علم میں شامل ہوچکے ہیں ۔ یہ بات یقینی ہے کہ ان کے بہار آفرین قلم سے اب علم و ادب کی دنیا میں نت نئے جواہر پارے وجود میں نہیں آئیں گے مگر ان کے لکھے ہوئے انمول خزانوں سے خلق خدا مستفید ہوتی رہے گی اور ہاتھ دعا کیلئے ان کے حق میں ہمیشہ اٹھتے رہیں گے ۔
اللّٰلہ تعالی ان کی کامل مغفرت فرماکر جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے، ان کی جملہ خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے ، ان کے اہل خانہ اور علمی ورثا کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کے ادارے تراث الاسلام کو آپ کا نعم البدل نصیب فرمائے۔آمین

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔