صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 18 ستمبر 2020 

پاکستان سپر لیگ 2020 کے بقیہ چاروں میچز کی تاریخوں کا اعلان

ویب ڈیسک | جمعرات ستمبر 2020 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا وائرس کے سبب ملتوی ہونے والے پاکستان سپر لیگ 2020 کے میچز کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔کورونا وائرس کے سبب 17 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا اور اس وقت پلے آف میچز کا انعقاد ہونا باقی تھا۔

عالمی سطح پر وبا کے پھیلاؤ کے سبب لیگ کے انعقاد کا فیصلہ نہیں کیا جا سکا لیکن بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور وائرس کے تناظر میں قومی ٹیم کے کامیاب دورہ انگلینڈ کے بعد پی سی بی نے لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔لیگ کے بقیہ چاروں میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے، کوالیفائر اور پہلا ایلیمنیٹر 14 نومبر کو ہو گا۔

اس کے بعد 15 نومبر کو دوسرا ایلیمنیٹر منعقد ہو گا جبکہ فائنل میچ 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

بورڈ نے بتایا کہ ایونٹ کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے اور میچز کے وقت کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔کورونا وائرس کے سبب لیگ کے چاروں میچز کووڈ پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں گے جس میں تمام کھلاڑی، میچز آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہیں گے۔

پی سی بی کے مطابق ابھی چاروں میچز بند دروازوں میں شائقین کے بغیر کھیلے جانے کا امکان ہے لیکن اس بارے مں حتمی فیصلہ اکتوبر میں کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے میچز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی سی بی ابتدا سے ہی میچز کے انعقاد کے لیے پرعزم تھا کیونکہ بورڈ کے خیال میں اس طرح کے ایونٹ کا فاتح ضرور سامنے آنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگ کے بقیہ میچوں کا انعقاد اس بات کی بھی تائید ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہو گیا ہے اور دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کے نئے ڈومیسٹک سیزن کا بھی جلد آغاز ہو رہا ہے اور ڈومیسٹک میچوں کا کامیاب انعقاد آئندہ سال فروری اور مارچ میں پاکستان سپر لیگ 2021 کے انعقاد میں معاون ثابت ہو گا۔

واضح رہے کہ لیگ کے بقیہ چار میچوں میں جن چار ٹیموں کا مقابلہ ہو گا ان میں سے صرف پشاور زلمی کی ٹیم پہلے چیمپیئن بننے کا اعزاز رکھتی ہیں جبکہ کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آج تک یہ اعزاز حاصل نہ کر سکی۔14 نومبر کو کوالیفائر میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا اور اسی دن پہلے ایلی منیٹر میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

15 نومبر کو دوسرے ایلیمنیٹر میں کوالیفائر ہارنے والی ٹیم کا پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم سے مقابلہ ہوگا جبکہ لیگ کا فائنل 17 نومبر کو منعقد ہو گا۔ لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم 14پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کراچی کنگز 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لاہور قلندرز 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔