غیر رجسٹرڈ گاڑیوں‘ کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹ کے استعمال پر 449 افراد پر جرمانے عائد
کرائم رپورٹر محمد فہیم خان | بدھ 26 اگست 2020

پشاور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں‘ کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹ لگانے والوں کیخلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں جس کے تحت 449 افراد پر جرمانے عائد کئے گئے۔
سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈاپور کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کی ہیں جہاں پر غیر رجسٹرڈ گاڈیاں چلانے‘ کالے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹ استعمال کرنیوالوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جس کے تحت کالے شیشے استعمال کرنے پر 303، غیر رجسٹرڈ گاڑیاں چلانے پر 62 اور فینسی نمبر پلیٹ کے استعمال پر 84 افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور گاڑیوں سے کالے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹ اتارے اور خلاف ورزی کرنیوالوں پر جرمانے عائد کئے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ٹریفک عملہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معمول کے مطابق کالے شیشوں کے استعمال‘ غیر رجسٹرڈ گاڑیاں چلانے اور فینسی نمبر پلیٹ کے استعمال پر پابندی عائد ہے اور محرم الحرام کے دوران اس پابندی کو سختی سے لاگو کیا جائیگا جس کے خلاف سٹی ٹریفک پولیس پشاور الرٹ ہے اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی کیونکہ قانون ہر خاص و عام کیلئے یکساں ہے جس سے کوئی مبرا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری ٹریفک عملے کے ساتھ تعاون کریں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں۔