صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 19 اپریل 2024 

کورونا وبا؛ 3 ماہ میں یومیہ سب سے کم اموات، فعال مریضوں کی تعداد 27421 رہ گئی

ویب ڈیسک | پیر 27 جولائی 2020 

 اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں بتدریج کمی دیکھی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1176 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ 20 مریض جاں بحق ہوئے ہیں جو کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران ایک دن میں جاں بحق ہونے والوں کی سب سے کم تعداد ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 22 ہزار 56 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ اب تک پورے ملک میں 18 لاکھ 90 ہزار 236 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران 1176 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 2 لاکھ 74 ہزار 288 مریضوں کی تشخیص ہو چکی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے 2 لاکھ 74 ہزار 288 مصدقہ مریضوں میں سے 2 لاکھ 41 ہزار 26 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں، اس طرح ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 27 ہزار 421 رہ گئی ہے۔
سندھ میں ایک لاکھ 18 ہزار 311، پنجاب میں 92 ہزار 73، خیبر پختون خوا میں 33 ہزار 397 ، بلوچستان میں 11 ہزار 601 ، اسلام آباد میں 14 ہزار 884 ، آزاد جموں و کشمیر میں 2 ہزار 34 جب کہ گلگت بلتستان میں ایک ہزار 989 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وبا کا شکار مزید 20 افراد جاں بحق ہوئے، اس طرح ملک میں وبا سے ہلاکتوں کی مجوعی تعداد 5 ہزار 842 ہو گئی ہے۔ جب کہ ایک ہزار 226 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
سندھ میں جہاں کورونا مریض سب سے زیادہ ہیں وہیں صوبے میں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 151 ہو گئی ہیں، پنجاب میں 2 ہزار 116، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 178 ، اسلام آباد میں 164،بلوچستان میں 136، آزاد کشمیر میں 49 جب کہ گلگت بلتستان میں 48 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
3 ماہ میں آج سب سے کم اموات
معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 3 ماہ میں کورونا وائرس سے آج سب سے کم اموات ہوئی ہیں جب کہ 20 جون کو ملک بھر میں سب سے زیادہ 153اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔
کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔