صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 26 اپریل 2024 

جب مصری خاتون گلوکار ہارون کے گانے'محبوبا' کو سن کر دیوانی ہوگئیں

ویب ڈیسک | منگل 21 جولائی 2020 

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے گلوکار ہارون رشید نے تقریبا 2 دہائیاں قبل ریلیز کیے جانے والے اپنے معروف گانے 'محبوبا' سے متعلق دلچسپ باتیں بتا کر مداحوں کو حیران کردیا۔

ہارون رشید نے 2003 میں ریلیز ہونے والے اپنے ایلبم 'لگن' کے سب سے مقبول گانے 'محبوبا' سے متعلق حال ہی میں انسٹاگرام پوسٹ میں دلچسپ حقائق بیان کیے۔

گلوکار نے پوسٹ میں گانے کی ویڈیو بھی شیئر کی اور بتایا کہ انہیں آج بھی یاد ہے کہ انہیں مذکورہ گانا اہرام مصر میں فلمانے میں کتنی مشکلات پیش آئی تھیں۔

گلوکار کے مطابق وہ 'محبوبا' گانے کی ویڈیو اہرام مصر میں ریکارڈ کرنا چاہتے تھے، جس وجہ سے انہوں نے اس وقت ایک آن لائن پروڈکشن ہاؤس سے رابطہ کیا اور وہ مصر چلے گئے۔

ہارون رشید نے بتایا کہ جب وہ مصر پہنچے تو انہیں پروڈکشن ہاؤس کے ارکان نے بتایا کہ اہرام مصر میں گانے کی شوٹنگ کرنا انہیں مہنگی پڑ سکتی ہے اور انہیں اس ضمن میں ہزاروں ڈالر خرچ کرنا ہوں گے۔

گلوکار کے مطابق وہ پروڈکشن ہاؤس کی باتیں سن کر مایوس ہوگئے اور انہوں نے وطن واپسی کا پروگرام بنایا لیکن واپسی سے قبل پروڈکشن ہاؤس کی خاتون پروڈیوسر نے انہیں مذکورہ گانا سنانے کی فرمائش کی تو حالات تبدیل ہوگئے۔

ہارون رشید نے بتایا کہ خاتون پروڈیوسر ان کا گانا 'محبوبا' سن کر دیوانی ہوگئیں اور انہوں نے گانےکو شاندار قرار دیتے ہوئے اپنی ایک خاتون دوست سے رابطہ کیا جنہوں نے مصر کے بہت بڑے پروڈکشن ہاؤس کے مالک سے شادی کر رکھی تھی اور اس پروڈکشن ہاؤس نے معروف فلم لارنس آف عربیہ بھی بنا رکھی تھی۔

گلوکار کے مطابق خاتون پروڈیوسر کی مدد سے وہ اہرام مصر میں گانے کی ویڈیو شوٹ کرنے کے اہل ہوئے۔

انہوں نے دلچسپ حقائق بیان کرتے ہوئے کہا کہ 'محبوبا' گانا ان کا مقبول ترین گانا بنا اور ان کے گانے کو مصر میں بھی پسند کیا گیا۔

خیال رہے کہ ہارون رشید نے 1990 کے بعد گلوکاری کا آغاز کیا تھا اور ابتدائی طور پر وہ آواز نامی بینڈ سے منسلک رہے اور بعد ازاں انہوں نے انفرادی طور پر کیریئر کا آغاز کیا۔

ان کا پہلا میوزک ایلبم ہارون کی آواز 2001 میں ریلیز ہوا جس کے بعد انہوں نے مزید 2 ایلبم ریلیز کیے مگر انہوں نے درجنوں سنگل گانے ریلیز کیے۔

ہارون رشید نوجوان نسل کے مقبول ترین گلوکار بھی رہے اور انہوں نے رواں برس 30 جون کو سادگی سے شادی کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔