پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ حکومت کی مدت پوری کرنے پر فوج سب سے زیادہ خوش ہے، وقت کے ساتھ الزامات غلط ثابت ہوتے جا رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔ بھارت زیادہ تر شہری آبادی کو نشانہ بناتا ہے جس کا بھرپور جواب دیا جاتا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت نے 13 برسوں میں 2 ہزار سے زائد بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی لیکن پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ 2013ء سے رواں سال تک 48 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے طے ہوا کہ سیز فائر معاہدے پر عمل کیا جائے گا۔
بلوچستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں ”خوشحال بلوچستان پروگرام“ شروع کیا ہوا ہے اور وہاں دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلمان بدینی نیٹ ورک کے خاتمے کے بعد بلوچستان میں حالات مزید بہتر ہوں گے۔ سلمان بدینی کی ہلاکت کے بعد ہزارہ کمیونٹی نے خوشی کا اظہار کیا تھا۔