صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 29 مارچ 2024 

دورہ انگلینڈ کی راہ ہموار، وزیراعظم نے گرین سگنل دیدیا

ویب ڈیسک | منگل 16 جون 2020 

 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورئہ انگلینڈ کی راہ ہموار ہوگئی جب کہ وزیراعظم نے گرین سگنل دیدیا۔

 

وزیر اعظم اور چیف پیٹرن عمران خان سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی گذشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، انھوں نے قومی ٹیم کے دورئہ انگلینڈ کی اجازت دے دی، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہاکہ کرکٹ پاکستانیوں کے خون میں شامل ہے، کورونا کے باعث کھیلوں کی تمام سرگرمیاں معطل ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ میدان جلد آباد ہوں،امید ہے کہ اسپورٹس سے محبت کرنے والے شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو جلد ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے بورڈ میں بڑے پیمانے پر ہونے والی تبدیلیوں پر وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا، انھوں نے انٹرنیشنل و ڈومیسٹک کرکٹ اور مالی معاملات سمیت مختلف امور پر بریفنگ بھی دی۔

وزیر اعظم نے بورڈ کے معاملات شفاف طریقے سے چلانے کی ہدایت دی، ذرائع کے مطابق انھوں نے کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے مشکل حالات میں کسی کو بھی ملازمت سے فارغ نہ کرنے کا بھی کہا۔

دوسری جانب پی سی بی اور ای سی بی حکام کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے، قومی ٹیم کے دورئہ انگلینڈ کے حوالے سے دونوں بورڈز میں مثبت گفتگو ہوئی،ذرائع کے مطابق پاکستان نے مجوزہ شیڈول سے قبل انگلینڈ روانگی سے متعلق اپنی گزارشات انگلینڈکو پیش کردی ہیں، رواں ہفتے کے آخر میں انتظامات پر مکمل جواب کی امید ہے،اس وقت حتمی شیڈول بھی سامنے آ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں تربیتی کیمپ لگانے سے گریز کرنے والا پی سی بی اسکواڈ کو رواں ماہ کے آخری ہفتے میں ہی انگلینڈ بھجوانے کا خواہاں ہے۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق مہمان کرکٹرز پاکستان سے بذریعہ خصوصی پرواز برمنگھم پہنچ کر بائیو سیکیور ماحول میں قرنطینہ کرینگے، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لیے مجموعی طور پر منتخب 29 کرکٹرز آپس میں پریکٹس میچز بھی کھیلیں گے، پہلا ٹیسٹ مانچسٹر میں 5 اگست سے شروع ہوگا، طویل فارمیٹ کے اگلے دونوں میچز ساؤتھمپٹن میں 3،3 روز کے وقفے سے کھیلے جائینگے،ٹی ٹوئنٹی میچز بھی 28 اگست سے یکم ستمبر تک ساؤتھمٹن میں ہی ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اور انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ کے مابین کھلاڑیوں اور آفیشلز کی تعداد پر اتفاق ہوچکا،اب اگلا مرحلہ شیڈول فائنل کرنا ہے جس کیلیے ای سی بی انتظامی معاملات کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیم کی ٹریننگ کیلیے ڈربی شائر کا نام بھی زیر غور آگیا تاہم حتمی فیصلہ اگلے چند روز میں ہو جائے گا۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔