پشاورسٹی ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات قائم کرنے پر 51 افراد کو گرفتار کر کے ان پر جرمانے عائد کئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز افتخار علی کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے مختلف سیکٹروں میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے شہریوں اور تاجروں کو آگاہی دی اور ان میں وباء سے بچنے کیلئے پمفلٹس تقسیم کئے گئے آگاہی مہم کے دوران رش کا باعث بننے اور تجاوزات قائم کرنے پر ایس ایچ او ٹریفک شمشاد خان نے خوشحال بازار' کوہاٹ روڈ اور دیگر علاقوں سے 52 افراد کو گرفتار کیا جن میں 5 موٹر سائیکلیں مالکان اور 4 ہتھ ریڑھی مالکان شامل ہیں۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز افتخار علی کی جانب سے جاری کردہ نیوز رپورٹر میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ رعایت نہیں کی جائیگی کیونکہ ٹریفک میں خلل ڈالنے کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو جاتا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیمیں باقاعدہ شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے کیلئے آگاہی دیتی ہیں اور ان کو ہجوم اور رش والی جگہوں پر نہ جانے کی ہدایات دی جاتی ہیں تاکہ اس وباء پر قابو پایا جا سکے تاہم تجاوزات مافیا کے باعث اکثر بازاروں میں ہجوم بن جاتا ہے جس کے مرتکب افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔