صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
پیر 27 اکتوبر 2025 

پی ایس ایل میں پہلی بار بھارتی آئی پی ایل طرز کی تبدیلی

ویب ڈیسک | منگل 31 دسمبر 2019 

کراچی: پاکستان سپر لیگ میں پہلی بار بھارتی آئی پی ایل طرز پر ایک دن میں ایک شہر میں دو میچ ( ڈبل ہیڈرز) نہیں ہوں گے۔ ایک دن میں کراچی میں شام کو میچ ہوگا اور اسی رات دوسرا میچ لاہور میں کھیلا جائے گا.پی سی بی انتظامیہ نے یہ فیصلہ تماشائیوں کی دلچسپی بڑھانے اور پچوں کو کم سے کم استعمال کرنے کی وجہ سے کیا ہے۔ 

گزشتہ چار برسوں کے دوران متحدہ عرب امارات میں ایک گراؤنڈ میں کئی کئی ڈبل ہیڈرز ہوتے تھے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پہلی بار پاکستان سپر لیگ فائیو کے تمام میچ پاکستان ہی میں ہوں گے اور لاہور 14، کراچی 9، راولپنڈی 8 اور ملتان 3 میچوں کی میزبانی کرے گا۔

افتتاحی تقریب 20؍ فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی جب کہ فائنل 22؍ مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ 

اس سال مارچ میں کراچی میں فائنل سمیت آٹھ میچ ہوئے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے بدھ کو شیڈول کے اعلان کے بعد ٹورنامنٹ کے لیے جوش و خروش بڑھایا جائے۔ 

آئی سی سی کی منظور شدہ سیکورٹی کنسلٹنٹ نے چاروں گراؤنڈز کی سیکورٹی کو کلیئرنس دے دی ہے۔ جنگ کو حد درجہ مصدقہ ذرائع سے پی ایس ایل شیڈول کی تفصیلات معلوم ہوئی ہیں اور پہلی بار کسی گراؤنڈ میں ایک دن میں دو میچ نہیں ہوں گے۔

پہلامیچ دو پہر کو دو بجے شروع ہوگا جب کہ شام کو سات بجے دوسرا میچ کھیلا جائے گا جو رات سوا دس بجے ختم ہوگا۔ پی سی بی کی دو ٹیلی وژن پروڈکشن کمپنیاں بیک وقت کام کریں گی۔ 

ایک دن میں ایک شہر کو دو میچ نہ دینے کی وجہ یہ ہے کہ ٹورنامنٹ کا جوش وخروش پورے ملک میں ہو پھر پچوں پر زیادہ دباؤ نہ ہو جس کی وجہ سے کوالٹی کرکٹ برقرار رہے۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ کو توقع ہے کہ پاکستان میں ٹورنامنٹ کرانے سے ان کے اخراجات میں کمی ہوگی اور آمدنی بڑھے گی جب کہ چار شہروں میں ٹورنامنٹ ہونے سے شائقین کرکٹ کو بھرپور تفریح ملے گی۔ 

پی ایس ایل کے نئے پراجیکٹ ایگزیکٹیو شعیب نوید نے پیر سے اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔ وہ اس سے قبل بورڈ میں منیجر پی ایس ایل اور منیجر مارکیٹنگ اینڈ سیلز کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں جب کہ وہ اسلام آباد یونائیٹڈسے بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔