سابق قومی کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ آئی سی سی تمام ممالک کو بھارت میں کھیلنے سے روکے کیونکہ پاکستان کو 10 سال تک جو سزا دی گئی وہی اب غیر محفوظ پڑوسی ملک کو بھی دینا چاہئے۔
غیر ملکی ویب سائٹ پر جاری کی جانیوالی ویڈیو میں جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ شہری قوانین میں ترمیم کے بعد بھارت بھر میں شدید احتجاج جاری ہے جسے پیش نظر رکھتے ہوئے آئی سی سی کو چاہئے کہ وہ اپنے رکن ممالک کو بھارت کا دورہ کرنے سے روک دے جس کے تمام مقابلے معطل کر کے وہی سزا دی جائے جس کا پاکستان نے طویل عرصے تک سامنا کیا ہے۔ کیونکہ بھارت میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے اسے سب دیکھ رہے ہیں اور وہ ملک بھی ٹورنگ ٹیموں کیلئے غیر محفوظ ہو چکا ہے لہٰذا اس کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔
جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ پاکستان نہیں بلکہ بھارت کسی بھی ٹورسٹ کیلئے غیر محفوظ ملک ہے اور انسانیت کے ناطے کھیلوں کی شخصیات کو بھی اٹھ کھڑے ہو کر اس طرز عمل کی مذمت کرنی چاہئے۔