پشاورقائمقام ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی سربراہی میں ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار میں سٹی ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں کے مسائل سننے کیلئے کچہری کا اہتمام کیا گیا جس میں سٹی ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی جس میں قائمقام ایس ایس پی نے افسران اور اہلکاروں کے مسائل بارے آگاہی حاصل کی اور انہیں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام تجاوزات اور جگہ جگہ غیر قانونی اڈوں اور تعمیرات کی نشاندہی بھی کی گئی جس پر قائمقام ایس ایس پی نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر مذکورہ مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے اور انہیں فوری رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر سٹی ٹریفک پولیس کے 40اہلکاروں نے اپنے مسائل پیش کئے جس میں چھٹی پر جانے بیماری کے باعث ریسٹ کرنے گھر میں تعمیراتی کام کرنے کی درخواستیں پیش کی گئیں جس میں متعدد درخواستوں کو موقع پر منظور کرلیا گیا جبکہ بعض کو منظور شدہ درخواست گزاروں کی واپسی کے بعد چھٹی پر جانے کی اجازت دی جائیگی تاکہ دفتری اور دیگر امور متاثر نہ ہوں۔ سٹی ٹر یفک پولیس پشاور کے قائمقام ایس ایس پی نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے فورس کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے تاہم فرائض منصبی میں غفلت کے مرتکب افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائیگی عوام کو سہولیات کی فراہمی ممکن نہ ہو تو ہمیں گورنمنٹ سے تنخواہیں اور مراعات لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔