پشاور سی سی پی او محمد علی گنڈاپور نے سٹی پٹرول فورس کی کارکردگی کا جائزہ لیا ہے، انہوں نے گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں کو خصوصی ہدایات جاری کیں، قیام سے لے کر اب تک 18 ہزار سے زائد افراد کو مختلف مواقع پر مدد و تعاون فراہم کرنا سٹی پٹرولنگ فورس کی کامیابی کا مظہر ہے، خصوصی فورس کی کامیابی اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کو مد نظر رکھتے ہوئے حال ہی میں فورس کو خصوصی ٹولز سے لیس جدید موٹر سائیکل فراہم کئے گئے ہیں جن سے اندرون شہر امن و امان قائم کرنے میں مدد ملے گی، اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی پٹرولنگ فورس عثمان خان نے ان کو فورس کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر سی سی پی او نے اطمینان کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق سی سی پی او محمد علی گنڈاپور نے گزشتہ روز سٹی پٹرول فورس کی کارکردگی، طریقہ کار اور درپیش چیلنجز سے آگاہی حاصل کرنے کی خاطر خصوصی معائنہ کیا ہے، اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی پٹرولنگ فورس عثمان خان نے سٹی پٹرولنگ گاڑیوں، نفری اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے گاڑیوں میں نصب جدید ٹیکنالوجی، آئی وی ایس، سی آر وی ایس، خفیہ کیمروں، آگ بجھانے والے الات، فرسٹ ایڈ کٹ اور دوسرے ٹولز کے بارے میں سی سی پی او کو آگاہ کیا، سی سی پی او محمد علی گنڈا پور نے سٹی پٹرولنگ فورس کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ اپنے قیام سے لے کر اب تک 18 ہزار سے زائد افراد کو مختلف سروسز فراہم کرنا فورس کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عوامی اعتماد کو مد نظر رکھتے ہوئے سٹی پٹرولنگ فورس کو حال ہی میں جدید آلات سے لیس 42 موٹر سائیکل فراہم کئے گئے ہیں جن سے اندرون شہر قیام امن میں مدد ملے گی، انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ سٹی رائیڈرز سکواڈ میں خواتین اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے جس سے لیڈیز بازاروں میں خواتین کو درپیش مسائل پر قابو پایا جا سکے گا، اس موقع پر پولیس جوانوں نے یک زبان ہو کر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عزم دہرایا