ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ علی شہزاد نے بنیادی مرکز صحت بصیرہ اور بوائز و گرلز ہائی سکولز بصیرہ کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا. ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی اور جدید سہولیات فراہم کرنے لئے حکومت پنجاب عملی اقدامات کررہی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے سمیت مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے.انہوںنے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹر اور دیگر عملہ حاضری کو یقینی بنائیں غیر حاضری کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹروں ، نرسوں اور دیگر عملے کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے مزیدکہا کہ ضلع کے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتالوں ، دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز صحت میں صفائی کے نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے اور ہسپتالوں میں داخل مریضوں کو بھی صفائی کی ترغیب دی جائے ، ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے ہسپتال کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔
ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ بوائز اور گرلز ہائی سکولز بصیرہ کا اچانک دورہ کیا ، سکول میں طلبہ اور اساتذہ کی حاضری چیک کی، سکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا ، صفائی ستھرائی کے انتظامات دیکھے اور پرنسپلز کو ہدایت کی کہ طلبہ کی یونیفارم کے معاملات کو بہتر کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق ضلع مظفر گڑھ کی تعلیمی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی .انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ کی تعلیمی رینکنگ میں بہتری کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی قوم کی ترقی کا راز تعلیم کی ترقی سے جڑا ہوا ہے۔نسل نو کو جدید تعلیم سے آراستہ کرکے ہم ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر سکتے ہیں.