صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
ہفتہ 20 اپریل 2024 

آدم خوروں پر بنی فلم ’درج‘ کو نمائش کی اجازت نہ مل سکی

اکثریت ڈیسک | جمعہ اکتوبر 2019 

فلم ساز شمعون عباسی کی آںے والی ہارر فلم ’درج‘ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں مل سکی اور اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی فلم ملک میں ریلیز نہیں کی جائے گی۔

فلم کی ٹیم کے پاس اجازت نہ دیے جانے کے خلاف درخواست دائر کرنے کا حق حاصل ہے اور اگر فلم کی ٹیم نے فلم سینسر بورڈز کے خلاف درخواست دائر کردی تو اس پر سماعت کرنے والا پینل فلم کو ریلیز کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔

فلم ساز شمعون عباسی نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی فلم کو پنجاب اور سندھ سینسر بورڈز کے علاوہ مرکزی سینسر بورڈ نے بھی اجازت نہیں دی۔

شمعون عباسی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر سندھ اور پنجاب فلم سینسر بورڈز نے ان کی فلم کو نمائش کی اجازت دی تھی، تاہم مرکزی فلم سینسر بورڈ کی جانب سے اجازت نہ دینے کے بعد دونوں صوبائی بورڈز نے بھی اجازت منسوخ کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں فلم کو نمائش کی اجازت نہ دینے کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی گئی اور وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آخر فلم کو کس اعتراض پر روکا گیا؟

انہوں نے وضاحت کی کہ ان کی فلم میں کوئی بھی قابل اعتراض منظر نہیں اور نہ ہی اس میں شدید خون خرابا دکھایا گیا ہے، تاہم پھر بھی نہ جانے کیوں ان کی فلم کو ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

شمعون عباسی کے مطابق ’درج‘ پنجاب کے 2 بھائیوں کی سچی کہانی سے متاثر ہوکر بنائی گئی فلم ہے اور اس کی کہانی تحقیق کے بعد لکھی گئی۔

ان کے مطابق فلم کی کہانی قبروں سے 100 مردے نکال کر کھانے والے افراد کے گرد گھومتی ہے اور اس میں کوئی بھی ایسا سین نہیں ہے جس کی بنیاد پر فلم کو نمائش سے روکا جائے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کے پاس فلم سینسر بورڈز کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اختیار ہے اور وہ اس کو استعمال کریں گے۔

دوسری جانب سینٹرل بورڈ آف فلم سینسر ’سی بی ایف سی) کے چیئرمین دانیال گیلانی نے بھی فلم کو نمائش کی اجازت نہ دیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں ایسے مناظر تھے جس کی وجہ سے اسے ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

واضح رہے کہ ’درج‘ کی کہانی اگرچہ آدم خور انسانوں کے گرد گھومتی ہے، تاہم فلم میں ایک ساتھ دوسری کہانیاں بھی دکھائی جائیں گی لیکن تمام کہانیوں کا آپس میں تعلق ہوتا ہے۔

فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر میں جہاں ایک خاتون کو اپنے لاپتہ شوہر کو تلاش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے وہیں یہ بھی عندیہ دیا گیا ہے کہ ان کے لاپتہ شوہر کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاش قبر سے نکال کر غائب کردی جاتی ہے اور شوہر کو تلاش کرتی خاتون کو کئی حقائق کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جہاں ’درج‘ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں مل سکی وہیں اس فلم کو آئندہ ہفتے متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ و یورپ کے دیگر ممالک میں ریلیز کیا جائے گا۔

’درج‘ کی ہدایات شمعون عباسی نے دی ہے جب کہ انہوں نے اس کی کہانی بھی لکھی ہے۔

فلم کی کاسٹ میں جہاں خود شمعون عباسی ایکشن دکھاتے نظر آئیں گے، وہیں ان کے ساتھ مائرہ خان، شیری شاہ، نعمان جاوید اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔