صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
بدھ 22 اکتوبر 2025 

’نریندر مودی کو دوبارہ وزیر اعظم بنانے کی ضرورت ہے‘

شوبز ڈیسک | منگل 23 اپریل 2019 

بھارت میں عام انتخابات کے دوران بہت سی نامور بولی وڈ شخصیات اپنے فلمی کیریئر کے ساتھ ساتھ سیاست میں شمولیت اختیار کررہی ہیں، ایسی ہی شخصیات کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے اداکار سنی دیول بھی بھارتیہ جنتا پارٹی (پی جے پی) کا حصہ بن گئے۔

سنی دیول نے نئی دہلی میں وزیر دفاع نرملا سیتا رمن اور ریلوے کے وزیر پیوش گوئل کی موجودگی میں بی جے پی کی رکنیت حاصل کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی میں رکنیت اختیار کرنے کے بعد اداکار کا کہنا تھا کہ بھارت کو نریندر مودی کو دوبارہ وزیر اعظم بنانے کی ضرورت ہے۔

سنی دیول نے کہا کہ ’جس طرح میرے والد اٹل جی کے ساتھ جڑے رہے اس ہی طرح میں بھی مودی جی کا ساتھ دینے آیا ہوں‘۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں بی جے پی کے لیے جو بھی کرسکتا ہوں کروں گا، میں بولوں گا نہیں اپنے کام سے کرکے دکھاؤں گا‘۔

اس موقع پر نرملا سیتا رمنا کا کہنا تھا کہ ’سنی دیول کا پی جے پی میں شمولیت اختیار کرنا مجھے ان کی فلم بارڈر کی یاد دلاتا ہے، بارڈر جیسی فلم سے ہی اندازہ ہوتا ہے کہ سنی دیول حب الوطنی کو کتنا سمجھتے ہیں، مجھے بےحد خوشی ہورہی ہے کہ سنی دیول جیسے اداکار بی جے پی کا حصہ بنے‘۔

یاد رہے کہ سنی دیول کے والد اداکار دھرمیندر اور والدہ ہیمامالنی دونوں ہی بی جے پی کا حصہ رہے ہیں۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ امکان ہے کہ سنی دیول پنجاب کے ضلع گروداس پور کی سیٹ سے الیکشن لڑیں۔

ضلع گروداس پور سے ماضی میں اداکار ونود کھنہ بھی بی جے پی سے ممبر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر نے انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی) میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔