کراچی: نامور گلوکارہ واداکارہ میشا شفیع نے علی ظفر پر ایک بار پھر جنسی ہراسانی کاالزام عائد کردیا۔گلوکارہ میشا شفیع علی ظفر پر لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزام پرروزاول کی طرح اب بھی قائم ہیں اور انہوں نے ایک بار پھر اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ علی ظفر نے انہیں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا۔
گزشتہ ماہ میشا شفیع کی جانب سے علی ظفرپرلگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزام کے بعد جہاں بہت سی آوازیں ان کے حق میں اٹھیں وہیں بہت سے لوگوں کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایاگیا۔ حال ہی میں ایک سوشل میڈیا صارف نے میشا شفیع کو علی ظفر پر الزامات لگانے کیلئے آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایک لمبی چوڑی ٹوئٹ کی اور لکھا’’میشا شفیع کے پورے کیریئر میں بس علی ظفرنے انہیں ہراساں کیا، باقی سب لڑکے تو باجی بہن سے دور دور سے سلام لیتے ہیں، نا نجی پیغامات بھیجتے ہیں، نظریں جھکاکر چلتے ہیں، بس علی ظفر خراب تھا، باقی سب آپ کے ساتھ کام کرنے والے آدمی دودھ کے دھلے ہیں، اگر آپ سچی ہیں تو باقی سب کانام بھی بتائیں جنہوں نے آپ کو ہراساں کیا۔‘‘