صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
بدھ 29 اکتوبر 2025 

سرفراز جیت کیلئے پراُمید، سیمی بھی پی ایس ایل ٹرافی اٹھانے کو تیار

اسپورٹس رپورٹر | ہفتہ 16 مارچ 2019 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کے فائنل میں بس ایک روز ہی باقی ہے اور فائل کھیلنے والی دونوں ٹیموں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے کپتان جیت کے لیے پراُمید ہیں اور پی ایس ایل کی ٹرافی اٹھانے کو تیار ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان اور پاکستان میں کافی شہرت رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سیمی نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ فائنل میں زلمی کی شرٹ پہن کر آئیں اور نیشنل اسٹیڈیم کو پیلا کردیں۔

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل کھیلنے والی پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے فائنل میچ سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا ماحول بہت اچھا ہے اور یہاں پر کھیلنے میں بہت مزہ آیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا پانچواں پاکستان میں ہوگا یا نہیں اس بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتا، تاہم پی ایس ایل کھیل کر میں انجوائے کرتا ہوں اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شین واٹسن کی کارکردگی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر پشاور زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ شین واٹس ہمارے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں لیکن فائل کے لیے حکمت عملی بنالی ہے۔

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ حکمت عملی سب کے سامنے نہیں بتاسکتا، ہماری باؤلنگ بہت مضبوط ہے، ہم نے پی ایس ایل کے ہر میچ میں بھرپور مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی پورے پی ایس ایل میں اچھا کھیل پیش کیا لیکن ہم اپنی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور فائنل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم تیسری مرتبہ فائنل کھیل رہے ہیں اور کوشش کریں گے کہ ہم جس طرح پورے ٹورنامنٹ میں کارکردگی دکھائی، فائنل میں بھی ایسا کھیل پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں ہونے پر لوگوں کا ولولہ قابل دید ہے اور اسی جوش کو دیکھتے ہوئے پی ایس ایل 5 پاکستان میں ہونا چاہیے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے مزید بتایا کہ بطور کپتان فائنل جیتنا ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ فائنل میں اچھی کرکٹ کھیلیں اور کامیابی حاصل کریں۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ کراچی کے شائقین نے جس طرح ٹیموں کو سپورٹ کیا اور کراچی میں رہنے کی حیثیت سے ہماری خواہش ہوگی کہ ہم ٹیم کو میچ میں کامیابی دلوائیں۔

شین واٹسن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی اور وہ ہمارے اچھے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

فائنل کی حکمت عملی سے متعلق سرفراز احمد نے کہا کہ ہم بھی پوری تیاری کے ساتھ اتریں گے، دونوں ٹیموں کی اپنی اپنی صلاحیت ہیں، کسی بھی ٹیم کا ٹاپ آرڈر بہت اہمیت کا حامل ہے۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتان نے پی ایس ایل سیزن کے چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کروایا، اس موقع پر ڈیرن سیمی نے سرفراز احمد سے ازراہ مذاق کہا کہ سرفراز آج آپ پہلے ٹرافی اٹھالیں، میں کل اٹھالوں گا۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔