گزشتہ دنوں نوکیا کے پہلے حقیقی فلیگ شپ فون نوکیا 9 پیور ویو کی تصویر لیک ہوکر سامنے آئی تھی، جو کہ دنیا کی پہلی 5 کیمروں والی ڈیوائس بھی ثابت ہونے والی ہے۔
مگر اب نوکیا 9 کی پروموشنل ویڈیو بھی لیک ہوگئی ہے جس سے تصدیق ہوتی ہے کہ یہ فون واقعی 5 بیک کیمروں سے لیس ہوگا۔
مائی اسمارٹ پرائس نامی یوٹیوب صارف نے یہ ویڈیو لیک کی ہے جبکہ اس سے پہلے تصویر کو ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے لیک کیا تھا۔
تصویر میں تو اس فون کے زیادہ فیچرز کا اندازہ نہیں ہوتا مگر ویڈیو میں لگ بھگ اس کی ہر خوبی سامنے آگئی ہے۔
سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ فون کا کیمرہ سسٹم زئیسس آپٹکس سپورٹ کے ساتھ ہوگا جو کہ بیک وقت 5 شاٹس لے سکتا ہے جبکہ 10 گنا زیادہ روشنی میں بھی تصویر کا معیار خراب نہیں ہونے دیتا۔
اس کے علاوہ ایک اور فیچر یہ ہے کہ تصویر لینے کے بعد بھی فوٹو فوکس کو بدلنا ممکن ہے جو کہ ایک اچھا مگر آج کل کافی عام فیچر ہوچکا ہے۔
اس سے ہٹ کر یہ فون 5.99 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جس میں فنگرپرنٹ اسکینر اسکرین کے اندر نصب کیا جائے گا۔