پاکستان کے نامور ماڈل اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عباس جعفری نے شادی کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا۔
عباس جعفری نے اپنی گرل فرینڈ منزا سے شادی کی، جو خود ایک ماڈل رہ چکی ہیں اور کئی اشتہارات اور ملبوسات کے برینڈز کے لیے کام بھی کرچکی ہیں۔
عباس جعفری کی شادی 27 دسمبر کو کراچی کے پورٹ گرینڈ میں منعقد ہوئی، اس موقع کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئیں۔
ماڈل کی شادی کی تصاویر میں کسی نامور شخصیات یا سیاست دان کی تصاویر سامنے نہیں آئیں، جس سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ تقریب کافی نجی تھی۔
جوڑے سے قریبی ذرائع کے مطابق یہ دونوں جلد اپنی شادی کی آفیشل تصاویر ولیمے کی تقریب کے بعد شیئر کریں گے۔
ان کی شادی کی تقریب سے قبل 25 دسمبر کو مہندی کی تقریب منعقد کی گئی۔
جبکہ ان دونوں کا نکاح 23 دسمبر کو ہوا۔
خیال رہے کہ رواں سال ہونے والے انتخابات میں کراچی سے صوبائی حلقے پی ایس 125 سے عباس جعفری کامیاب ہوئے تھے۔
عباس جعفری پہلی بار تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں کھڑے ہوئے تھے اور یوں اب تک ماڈلنگ سے تعلق رکھنے والے وہ پہلے فرد ہیں جو صوبائی نشست پر کامیاب ہوئے ہیں۔