ممبئی: بالی ووڈ کے نامور اداکار آلوک ناتھ کے خلاف جنسی زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
90 کی دہائی میں بھارت کے کے مقبول ترین سیریل’تارا‘ کی پروڈیوسر اور مصنفہ ونتا نندا کی جانب سے اداکار آلوک ناتھ پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا گیا تھا جس پر آلوک ناتھ نے مصنفہ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا اور ساتھ ہی ان سے تحریری معافی نامے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل آلوک ناتھ نے عدالت میں ایک اور درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ انٹریوز میں ان کے خلاف الزامات عائد کرکے بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لہذا مصنفہ کو بیان بازی سے روکا جائے تاہم عدالت نے اداکار کی درخواست مسترد کردی تھی۔
رپورٹس کے مطابق مصنفہ ونتا نندا نے آلوک ناتھ کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے جس میں کہا گیا کہ اداکار نے انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب آلوک ناتھ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کی طبیعت ناساز ہے لہذا وہ اس وقت ان بے بنیاد الزامات کے جواب دینے کے قابل نہیں ہیں۔