صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
بدھ 24 اپریل 2024 

کورونا وائرس کا خوف: امریکا میں مکمل لاک ڈاؤن پر غور

ویب ڈیسک | پیر 16 مارچ 2020 

نیو یارک: امریکا میں وبائی امراض کے نامور ماہر اور صدر ٹرمپ کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن، ڈاکٹر انتھونی فاسی نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کورونا وائرس کا وبائی پھیلاؤ روکنے کےلیے پورے امریکا کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن بھی کرنا پڑ جائے تو وہ اس کی حمایت کریں گے۔

’’امریکیوں کو یہ حقیقت سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب یہ ملک اس بیماری کا پھیلاؤ روکنے کی کوشش کرے گا تو ملک کے حالات بہت مختلف نظر آنے لگیں گے،‘‘ انہوں نے کہا۔دوسری جانب نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک میں کورونا کا تیز رفتار پھیلاؤ روکنے کےلیے لاک ڈاؤن سمیت ہر طرح کے اقدامات زیرِ غور ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے بدترین متاثرہ شہروں میں نیویارک سٹی سرِ فہرست ہے جہاں اس کے مریضوں کی تعداد صرف ایک ہفتے کے اندر اندر 25 سے بڑھ کر 270 ہوچکی ہے۔ میئر نیویارک نے خدشہ ظاہر کیا ہے اگلے چند دنوں کے اندر اندر یہ تعداد 1000 سے بڑھ سکتی ہے۔

ہنگامی حالات کے پیشِ نظر میئر نیویارک نے صدر ٹرمپ سے فوری مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے صرف کی فراہمی بحال رکھنے کےلیے امریکا کی وفاقی حکومت ذمہ داری سنبھال لے کیونکہ یہ معاملہ مقامی حکومت کے بس سے باہر ہوتا جارہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق، امریکا میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 102 متاثرین سامنے آچکے ہیں، جس کے بعد وہاں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3782 ہوچکی ہے جن میں سے 69 کی موت واقع ہوچکی ہے۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔