صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
ہفتہ 20 اپریل 2024 

صنم ماروی اور حامد خان کے درمیان خلع ہوگئی

ویب ڈیسک | جمعرات 20 فروری 2020 

لاہور کی فیملی کورٹ نے پاکستان کی نامور گلوکارہ صنم ماروی اور حامد خان کو خلع کی ڈگری جاری کردی جس کے ساتھ ہی ان کے درمیان ازدواجی سفر کا اختتام ہوگیا۔لاہور میں فیملی کورٹ کی جج ثناء افضل واہلہ نے صنم ماروی کی خلع کی درخواست پر سماعت کی۔اس دوران صنم ماروی کا کہنا تھا کہ وہ اب حامد خان کے ساتھ مزید نہیں رہنا چاہتیں کیوں کہ وہ ان پر تشدد کرتا ہے اور انہیں گالیاں دیتے ہیں۔

عدالت نے بیانات کو سننے کے بعد خلع کی ڈگری جاری کردی۔

خیال رہے کہ صنم ماروی نے رواں سال 7 فروری کو اپنے شوہر حامد خان سے خلع کے لیے لاہور کی فیملی کورٹ میں اپنے وکیل ایڈووکیٹ حامد مقبول کے توسط سے درخواست دائر کی تھی۔گلوکارہ نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ شوہر ان پر تشدد کرنے سمیت ان کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کرتے ہیں اور وہ شوہر کے ایسے رویے کو برداشت کرکے تھک چکی ہیں۔

صنم ماروی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان دونوں کی شادی مکمل اسلامی روایات کے مطابق ہوئی تھی اور جوڑے کے 3 بچے بھی ہیں جن کی وجہ سے گلوکارہ شوہر کا تشدد برداشت کرتی رہیں۔بعدازاں حامد خان نے عدالت میں سات صفحات پر مشتمل اپنے جواب میںاہلیہ کی جانب سے لگائے تمام الزامات مسترد کردیے تھے۔

حامد خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صنم ماروی سے کبھی بدتمیزی نہیں کی اور نہ ہی کبھی انہیں گالی دی ہے۔اپنے جواب میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ اہلیہ اور بچوں کو باقاعدگی سے خرچ ادا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صنم ماروی سے ان کی پوری فیملی محبت کرتی ہے۔حامد خان نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ ان کی اہلیہ کی خلع کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔ خیال رہے کہ صنم ماروی کی یہ دوسری شادی تھی، ان کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو 2009 میں سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قتل کردیا گیا تھا۔

ان کے پہلے شوہر کو ایک ایسے وقت میں قتل کیا گیا تھا جب وہ پہلے بچے کی امید سے تھیں۔ صنم ماروی نے محض 18 سال کی عمر میں پہلی شادی کی تھی اور پہلے شوہر کے قتل کے چند سال بعد انہوں نے دوسری شادی، حامد خان سے کی، جو ان کے کزن بھی ہیں۔

صنم ماروی کو سب سے زیادہ شہرت کوک اسٹوڈیو سیزن 4 سے حاصل ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے ٹی وی اور ریڈیو سمیت لائیو پرفارمنس میں بھی اپنا نام بنایا۔ صنم ماروی نے گلوکاری کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) لاہور سے دوسری شادی کے بعد کیا تھا۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔