صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 29 مارچ 2024 

اب ڈرون گھر کا چوکیدار بھی بن گیا

ویب ڈیسک | جمعہ 10 جنوری 2020 

ڈرون کے ان گنت استعمال ہر روز سامنے آتے رہتے ہیں اب امریکی اور سوئس کمپنی نے مشترکہ طور پر ایک ڈرون تیار کیا ہے جو گھر کی چوکیداری کرتا ہے۔ کسی مشکوک صورتحال کو دیکھ کر وہ نہ صرف فون ایپ کو خبر کرتا ہے بلکہ خود اس کی تفصیلات بھی بتاتا ہے۔گھریلو نگرانی کا یہ جدید ترین ڈرون سن فلاور لیبس نے تیار کیا ہے لیکن اس کی قیمت غیرمعمولی ہے۔ اس کا پورا سیٹ کئی سینسر اور لانچنگ پیڈ پر مشتمل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی قیمت بہت زیادہ رکھی گئی ہے جو 10 ہزار ڈالر یعنی 15 لاکھ روپے کے برابر ہے۔

قیمت ایک جانب لیکن کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا پہلا ڈرون ہے جو مکمل طور پر گھر کی حفاظت کرتا ہے اور ہر طرح کے سینسر سے لیس ہے۔ اس کی دوسری خاصیت یہ ہے کہ ڈرون مکمل طور پر خود مختار ہے اور گھر کے ساتھ باغ اور دالان وغیرہ پر نظر رکھتا ہے۔

لاس ویگاس میں گھریلو برقی اشیا کے متعلق ہونے والی سالانہ نمائش سی ای ایس میں رکھا یہ ڈرون بہت مقبول ہوا ہے اور عوام نے اس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس سال کے وسط تک یہ ڈرون بازار میں دستیاب ہوگا۔

سورج مکھی، چھتہ اور مکھی

اس ڈرون نظام کے تین اہم حصے ہیں جنہیں سن فلاور، بی اور ہائیو یعنی سورج مکھی، چھتے اور شہد کی مکھی کے نام دیئے گئے ہیں۔ سن فلاور گھر کے لان میں لائٹوں کی طرح لگے ہوتے ہیں جو حرکت اور سرسراہٹ کو نوٹ کرتے رہتے ہیں۔ دوسری جانب سن فلاور سینسر جانور، انسان اور گاڑی وغیرہ میں امتیاز کرسکتے ہیں اور پورے گھر کا نقشہ بناتے رہتے ہیں۔

مکھی یا بی خود کار ڈرون ہے جو گھر سے ٹکرائے بغیر جی بی ایس نظام کے تحت پرواز کرتا رہتا ہے اور حقیقی وقت میں ویڈیو نشر کرتا ہے۔ جبکہ چھتہ وہ جگہ ہے جہاں ڈرون بند رہتا ہے اور جوں ہی سورج مکھی گھر میں کسی مشکوک حرکت کی اطلاع دیتا ہے ڈرون فوراً اپنے مسکن یعنی چھتے سے باہر نکل کر پرواز کرتا رہتا ہے۔ اس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی خودکار نظام ہے اور یہ مکمل طور پر واٹرپروف ہے۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔