صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 29 مارچ 2024 

بھارتی ائیرچیف نے اپنی ہی فضائیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا

اکثریت ڈیسک | جمعہ اکتوبر 2019 

بھارتی فضائیہ کے نئے سربراہ نے اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل سے نشانہ بنانے کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی فضائیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق نئے ائیرچیف راکیش کمار نے 27 فروری کو پیش آنے والے واقعے سے متعلق اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو اپنے ہی میزائل سے نشانہ بنانا ایک بڑی غلطی تھی۔

بھارتی ائیرچیف نے کہا کہ ہیلی کاپٹر گرنے کی کورٹ آف انکوائری مکمل ہوچکی ہے، یہ ہماری ایک بڑی غلطی تھی کہ ہمارے ہی میزائل نے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا۔

بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے اپنے دو افسران کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی اس غلطی کا اعتراف کرتے ہیں اور مستقبل میں اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس طرح کی غلطیاں نہ دہرائی جائیں۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے اس سے پہلے رپورٹ کیا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعے کی تحقیقات میں پانچ افسران کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 27 فروری کی صبح پاک فضائیہ کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول پر مقبوضہ کشمیر میں 6 ٹارگٹ کو انگیج کیا، فضائیہ نے اپنی حدود میں رہ کر ہدف مقرر کیے، پائلٹس نے ٹارگٹ کو لاک کیا لیکن ٹارگٹ پر نہیں بلکہ محفوظ فاصلے اور کھلی جگہ پر اسٹرائیک کی جس کا مقصد یہ بتانا تھا کہ پاکستان کے پاس جوابی صلاحیت موجود ہے لیکن پاکستان کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہتا جو اسے غیر ذمہ دار ثابت کرے۔

جب پاک فضائیہ نے ہدف لے لیے تو اس کے بعد بھارتی فضائیہ کے 2 جہاز ایک بار پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کرکے پاکستان کی طرف آئے لیکن اس بار پاک فضائیہ تیار تھی جس نے دونوں بھارتی طیاروں کو مار گرایا، ایک جہاز آزاد کشمیر جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔

پاکستان کی حدود میں مار گرائے جانے والے بھارتی طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو پاکستان نے حراست میں لیا  لیکن بعد ازاں یکم مارچ 2019 کو اسے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

27 فروری کو ہی بھارت نے سری نگر میں اپنے ہیلی کاپٹر کے گرنے کو حادثہ قرار دیا تھا جب کہ ہیلی کاپٹر گرنے سے اس میں سوار ائیرفورس کے 6 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

 

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔