صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
ہفتہ 20 اپریل 2024 

ورلڈ کپ اسکواڈ میں آصف علی اور محمد عامر کی شمولیت کا فیصلہ

اسپورٹس رپورٹر | جمعرات 16 مئی 2019 

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکڑ انضمام الحق کی ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔

سلیکٹرز نے  جارح مزاج بلے باز آصف علی اور تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل فہیم اشرف اور اوپننگ بلے باز عابد علی کی جگہ محمد عامر اور آصف علی 15 رکنی ٹیم ورلڈکپ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 27 سال کے آصف علی نے ساؤتھیمپٹن کے دوسرے ون ڈے میں 36 گیندوں پر 51 اور برسٹل کے تیسرے ون ڈے میں 43 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر ورلڈ کپ اسکواڈ میں اپنی سیٹ کنفرم کروالی ہے۔

دوسری جانب اس سال 13 اپریل کو اپنی 27ویں سالگرہ منانے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عامر جو چیچک کے باعث ان دنوں قومی ٹیم سے علیحدہ کر دیے گئے ہیں لندن میں زیر علاج ہیں۔

ان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ چیف سلیکڑ انضمام الحق کی آشیر باد اور انگلینڈ کے خلاف بولرز کی ناقص پرفارمنس نے اُن کا راستہ صاف کر دیا ہے۔

 51 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 32.85 کی اوسط سے 60 وکٹیں لینے والے محمد عامر جو آخری 14 بین الاقوامی میچوں میں محض پانچ وکٹیں ہی لے سکے تھے، انگلینڈ کے خلاف آخری دو ون ڈے میچز یا ورلڈ کپ ورام اپ میچز میں کھیلے بنا ہی براہ راست میگا ایونٹ میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ میں 30 مئی سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے شریک ٹیموں نے اپنے اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے، البتہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے ایک ہفتے قبل تک ٹیموں کے پاس اختیار ہے کہ وہ اپنی مرضی سے ٹیم میں رد و بدل کرسکتے ہیں جب کہ 23 مئی کے بعد ٹورنامنٹ کمیٹی اسکواڈ میں میڈیکل یا کسی اور بنیاد پر اسکواڈ میں تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔