صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 19 اپریل 2024 

رشی کپور نے کینسر کو ہرا دیا

اکثریت ڈیسک | منگل 30 اپریل 2019 

اکتوبر 2018 میں اچانک یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بولی وڈ کے معروف اداکار رشی کپور اہم بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ابتدائی طور پر ان کی بیماری سے متعلق کوئی خبر نہیں تھی۔

رشی کپور فوری طور پر علاج کے لیے اپنی اہلیہ اداکارہ نیتو سنگھ کے ساتھ امریکا منتقل ہوگئے تھے اور ان کے خاندان کی جانب سے بھی کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں تھیں کہ رشی کپور بھی عرفان خان اور اداکارہ سونالی باندرے کی طرح کینسر کا شکار ہوئے ہیں، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

میڈیا میں طرح طرح کی خبریں وائرل ہونے کے بعد رواں برس جنوری میں رشی کپور کے بھائی اداکار رندھیر کپور نے ان کی بیماری کی تصدیق کی تھی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں بتایا تھا کہ وہ کینسر میں مبتلا ہیں یا کسی اور مرض کا شکار ہیں۔

رندھیر کپور نے بتایا تھا کہ رشی کپور کے امریکا میں ٹیسٹ ہونے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے اور انہیں توقع ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر وطن لوٹیں گے۔

بعد ازاں رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ نے بھی انسٹاگرام پر شوہر، بیٹے رنبیر کپور، اداکارہ عالیہ بھٹ، بیٹی اور داماد کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کینسر کا ذکر کیا تھا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کے شوہر کو کینسر ہے۔

سال نو کے موقع پر رشی کپور کی اہلیہ اداکارہ نیتو سنگھ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کینسر کا ذکر کیا تویہ چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ رنبیر کپور کے والد کو کینسر کی تشخیص ہوگئی۔

نیتو کپور نے اپنے کیپشن میں لکھا کہ نئے سال سے ہم بہتری کی امیدیں ہی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سال 2019 بھارت میں ماحولیاتی آلودگی اور کینسر کے علاج اور تحفظ کے حوالے سے اچھا ثابت ہوگا۔

نیتو کپور کی جانب سے تصویر میں کینسر کے تحفظ کی امید رکھنے والے جملے لکھنے کی وجہ سے بھارتی میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ رشی کپور کو بھی کینسر تشخیص ہوگئی، تاہم خاندان کے کسی بھی شخص نے ان کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق نہیں کی تھی۔

اور اب فلم ساز راہول راویل نے کہا ہے کہ رشی کپور نے کینسر سے چھٹکارا حاصل کرلیا۔

راہول راویل نے رشی کپور کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار اب کینسر فری ہوگئے۔

فلم ساز نے اپنی پوسٹ میں مزید کچھ نہیں بتایا، تاہم تصویر میں انہیں رشی کپور کے ساتھ انتہائی خوش دیکھا جا سکتا ہے۔

فلم ساز کی پوسٹ پر کئی افراد نے کمنٹ کیے اور رشی کپور کی صحت سے متعلق نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ رشی کپور سے قبل گزشتہ برس مارچ میں اداکار عرفان خان بھی نیورو اینڈوکرائن ٹیومر میں مبتلا ہوگئے تھے اور وہ بھی علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

عرفان خان بھی تقریبا ایک سال تک زیر علاج رہنے کے بعد رواں برس کے آغاز میں بھارت لوٹے تھے اور اب انہوں نے کینسر سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد اپنی آنے والی فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ بھی شروع کردی۔

علاوہ ازیں اداکارہ سونالی باندرے بھی کینسر کا شکار ہوگئی تھیں اور وہ بھی علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔

سونالی باندرے بھی کئی ماہ تک علاج کروانے کے بعد کینسر سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعددسمبر 2018 میں بھارت پہنچیں تھیں۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔