صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعرات 25 اپریل 2024 

یاسر حسین کے بجائے کوئی مخنث یہ کردار کیوں ادا نہیں کررہا؟

شوبز ڈیسک | پیر 29 اپریل 2019 

پاکستانی ٹیلی فلم ’ہیلپ می دردانہ‘ پر کام جاری ہے اور اداکار یاسر حسین کے حوالے سے خبریں سامنے آرہی ہیں کہ وہ اس فلم میں مرکزی کردار نبھائیں گے۔

فلم ’ہیلپ می دردانہ‘ میں یاسر حسین ایک نوجوان لڑکے کو کسی مشکل میں پھنسنے کے بعد اپنی والدہ کا کردار نبھائیں گے، جس کی تصاویر چند روز قبل سوشل میڈیا پر انہوں نے شیئر کی۔

ان تصاویر کے سامنے آنے کے بعد شائقین کو ایسا محسوس ہوا کہ یاسر حسین اپنی اگلی فلم میں ایک مخنث کا کردار نبھانے جارہے ہیں، جس کے بعد اداکار کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

صارفین نے یاسر حسین کے کردار کی تصاویر دیکھ کر سوال کیا کہ آخر کوئی مخنث یہ کردار کیوں نہیں نبھا رہا؟

کئی ایسے کمنٹس بھی سامنے آئے جن میں سوال کیا گیا کہ ’انڈسٹری میں بہت سے مخنث افراد ہونے کے باوجود یاسر حسین کو اس کردار کے لیے چنا گیا، مایوسی‘، جبکہ ایک اور کمنٹ میں سوال کیا گیا کہ ’آپ یہ کردار ادا کرنے سے انکار بھی کرسکتے تھے‘۔

جس کے بعد اب یاسر حسین نے ایک اور پوسٹ شیئر کی، جس میں اداکار نے بتایا کہ وہ فلم میں کسی مخنث کا کردار نبھانے نہیں جارہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کو یہ غلط فہمی ہورہی ہے کہ میں مخنث کا کردار نبھارہا ہوں، ایسا کچھ نہیں ہے، میں اپنی والدہ کا کردار نبھاؤں گا، اور میں کبھی کسی جنس کا مذاق نہیں اڑا سکتا، جب یہ فلم سامنے آئے گی تو لوگوں کو میرے کردار کا اندازہ ہوجائے گا، یہ ایک مزاحیہ کردار ہے، امید ہے لوگوں کی غلط فہمی دور ہوجائے‘۔

یاد رہے کہ ’ہیلپ می دردانہ‘ 2017 کی رومانوی کامیڈی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کا ڈائیلاگ تھا، جو فلم کی ریلیز کے بعد بےحد مقبول ہوا۔

فلم میں یہ ڈائیلاگ اس وقت سامنے آیا تھا جب ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی شادی ہوچکی تھی اور شادی کے بعد مہوش حیات کاموں میں مصروف ہونے کے باعث ہمایوں سعید کو وقت نہیں دے پارہی تھیں، جس کے باعث ہمایوں نہایت افسردہ ہوچکے تھے، اس وقت وہ دردانہ یعنی اداکارہ عروہ حسین کے کردار جو ہمایوں کی کزن تھی اور انہیں پسند کرتی تھی سے مدد مانگنے گئے تھے۔

ویسے تو یاسر حسین نے خود اب تک کچھ نہیں بتایا تاہم ہوسکتا ہے کہ اس ٹیلی فلم کا نام ’ہیلپ می دردانہ‘ اس لیے ہی رکھا گیا ہو کہ اس کا فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ سے کوئی تعلق جوڑا جائے۔

ٹیلی فلم ہیلپ می دردانہ رواں سال عیدالفطر پر سامنے آئے گی۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔