صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
ہفتہ 20 اپریل 2024 

کرائسٹ چرچ حملہ اسلامو فوبیا کا نتیجہ ہے: وزیراعظم عمران خان

اکثریت ڈیسک | جمعہ 22 مارچ 2019 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کرائسٹ چرچ حملے کو اسلامو فوبیا کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کے ملائیشین ہم منصب ڈاکٹر مہاتیر محمد نے وزیراعظم ہاؤس میں مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلامو فوبیا نے مسلم امہ کو نقصان پہنچایا، دہشت گردی نے مسلم ممالک کو بہت متاثر کیا، کرائس چرچ حملہ بھی اسلامو فوبیا کا نتیجہ ہے، دنیا میں جان بوجھ کر اسلامو فوبیا کی ترغیب دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مہاتیر محمد کا بدعنوانی کے خلاف مؤقف قابل تعریف ہے، بدعنوانی انسانی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور کسی بھی ملک کو کمزور کردیتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد کا دورہ پاکستان کے لیے اعزاز ہے، انہیں مسلمانوں کے قائد کی حیثیت سے دیکھتے ہیں، مہاتیر محمد کے قائدانہ کردار کے متعرف ہیں، ملائشیا مسلم دنیا کے لیے ماڈل کے طور پر ابھرا۔

اس موقع پر معزز مہمان ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا کہ پاکستان آمد پر بے انتہا خوش ہوں اور یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت میری لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی،  مسلم امہ کو درپیش مسائل پر وزیراعظم عمران خان سے بات ہوئی ، تجارت میں اضافے کے لیے اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا، پاکستان ملائیشیا کے درمیان براہ راست سرمایہ کاری پر بھی بات ہوئی، معیشت اور تجارت میں بہتری کے لیے مل کر کوششیں کریں گے۔

مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے حوالے سے بہت تشویش ہے، کرپشن کے خاتمے سے متعلق پاکستان ہمارے تجربات سے استفادہ کرسکتاہے جب کہ انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے کاوشیں کرنی ہوں گی، اسلامو فوبیا کے خاتمےکے لیے بھی کوششیں کرنا ہوں گی۔

معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

اس سے قبل ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ دیا گیا، ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر عمران خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور مہاتیر محمد نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا جب کہ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔

گارڈ آف آنر کے بعد معزز مہمان نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا جس کےبعد عمران خان نے مہاتیر محمد کا کابینہ ارکان سمیت دیگر سینئر حکام سے تعارف کرایا، ملائیشین وزیراعظم نے بھی اپنے پاکستانی ہم منصب کا اپنے وفد سے تعارف کرایا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں وہ یومِ پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے جب کہ ان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدے کیے جائیں گے۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔