صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 29 مارچ 2024 

ہفتے میں 4 انڈے کھانے والے افراد میں قبل از وقت مرنے کے امکانات زیادہ

اکثریت ڈیسک | جمعرات 21 مارچ 2019 

انڈوں کو اب تک کی طاقتور اور بہترین غذا سمجھا جاتا رہا ہے اور یہ تقریبا سب کی پسندیدہ غذا میں بھی شمار ہوتے ہیں۔ماہرین صحت یا اب تک  ی سامنے آنے والی تحقیقات میں اگرچہ زیادہ انڈے کھانے کے تھوڑے سے نقصانات ضرور بتائے گئے تھے، تاہم انہیں کھانے کے کئی فائدے بتائے گئے ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق انڈے نہ صرف جسم میں توانائی بڑھاتے ہیں بلکہ یہ جلد اور بالوں کی رونق بڑھانے سمیت دماغ، دانتوں، بینائی کو بھی بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

انڈوں کو بھوک سے جان چھڑانے والی غذا کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ انہیں سردیوں میں انسانی جسم اور صحت کی حفاظت کا ضامن بھی سمجھا جاتا ہے، تاہم حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق نے سب کو حیران کردیا۔ امریکا میں ہونے والی ایک حالیہ تحقیق کے نتائج سے یہ انکشاف ہوا کہ ہفتے میں 4 سے زیادہ اںڈے کھانے والے افراد عام لوگوں کے مقابلے قبل از وقت مرسکتے ہیں۔ سائنس جرنل ’جاما‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق امریکا میں کی جانے والی تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ زیادہ انڈے کھانا دل کی بیماریوں کا باعث بھی بنتے ہیں۔

شکاگو کی یونیورسٹی آف فین برگ اسکول آف میڈیسن کے ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں 31 سال سے زائد عمر کے 29 ہزار  15 افراد کی غذا اور صحت کا جائزہ لیا گیا۔

ماہرین نے گزشتہ ساڑھے 17 سال کے دورانیے کا جائزہ لیا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ انڈے کھانے سے لوگوں کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ ماہرین کو جائزے کے نتائج نے حیران کردیا۔

نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ ہفتے میں 3 سے 4 انڈے کھانے والے افراد کو نہ صرف دل کی بیماریاں زیادہ ہوتی ہیں بلکہ وہ قبل از وقت موت کا شکار بھی ہوتے ہیں۔

نتائج کے مطابق اگر کوئی بھی شخص ہفتے میں 4 سے زائد انڈے یا یومیہ 300 ملی گرام کولیسٹرول پر مبنی غذا کھائے گا تو نہ صرف دل کی بیماریوں کا شکار ہوگا بلکہ وہ قبل از موت کا شکار بھی بن سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک انڈے میں 186 ملی گرام کولیسٹرول موجود ہوتا ہے اورہفتے میں 4 انڈے کھانے کا مطلب ہے کہ ہر شخص 700 ملی گرام سے زیادہ کولیسٹرول حاصل کر چکا ہے۔

ماہرین کے مطابق نتائج سے پتہ چلا کہ ہفتہ وار 4 سے زائد انڈے کھانے والے افراد عام لوگوں کے مقابلے جلد بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں، ایسے افراد میں دل کے امراض پیدا ہونے کے امکانات 6 فیصد بڑھ جاتے ہیں۔

اسی طرح ہفتے میں 3 سے 4 انڈے کھانے والے افراد میں مختلف وجوہات کی بناء پر قبل از وقت مرنے کے امکانات 8 فیصد بڑھ جاتے ہیں۔

زیادہ انڈے قبل از وقت موت کا سبب بن سکتے ہیں، نئی تحقیقی رپورٹ—فوٹو: ہیلتھ لائن

ماہرین نے عام افراد پر زور دیا کہ انہیں ہفتے میں 4 سے زائد انڈے نہیں کھانے چاہیے۔

ساتھ ہی ماہرین کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت لوگوں کو یومیہ 300 ملی گرام کولیسٹرول پر مبنی غذا اور خصوصی طور پر انڈے نہیں کھانے چاہیے۔

ماہرین نے یہ تجویز بھی دی کہ انڈوں سے متعلق ماہرین کی جانب سے دیے گئے مشوروں کو بھی تبدیل کیا جائے، کیوں کہ ماہرین انڈے کھانے کے جو مشورے دے رہے ہوتے ہیں وہ کئی سال پرانی تحقیق پر مبنی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب انڈوں کی غذائیت کے حوالے سے جدید تحقیق کرنے اور انہیں کھانے کے مشوروں پر تبدیلی کا وقت آ چکا ہے۔

انڈوں کے حوالے سے سامنے آنے والی اس تحقیق کے نتائج کے بعد دنیا بھر میں ماہرین انڈوں پر بحث میں لگ گئے ہیں اور عام افراد اضطراب میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

 

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔