صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 29 مارچ 2024 

دہشتگردی کی لہر یورپ پہنچ گئی، ہالینڈ میں ٹرام پر فائرنگ،3 افراد ہلاک

اکثریت ڈیسک | پیر 18 مارچ 2019 

ایمسٹرڈم: نیدر لینڈز (ہالینڈ) کے شہر اتریخت میں نامعلوم ملزم نے ٹرام میں سفر کرنے والے مسافروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔  برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق نامعلوم شخص نے ٹرام پر فائرنگ کی جس میں کئی افراد زخمی ہوگئے جب کہ واقعے کے بعد حکام نے ٹرام اسٹیشن کے قریب علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تقریباً 10بجکر 45 منٹ پر پیش آیا جس کے بعد انسداد دہشت گردی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ایک عمارت کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں کو کلئیر رکھیں تاکہ رضاکار جائے وقوعہ تک پہنچ سکیں جب کہ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے بھی جائے وقوعہ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ میئر اتریخت نے فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس ترجمان لوسٹ لینسہیگ نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کی جانب سے کئی فائر کیے گئے جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اتریخت پولیس نے سوشل میڈیا پر ٹرام فائرنگ کے مشتبہ حملہ آور کی تصویر جاری کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق 37سالہ ترک نژاد مشتبہ حملہ آور کی تلاش جاری ہے، کسی کو مشتبہ ترک نژاد شخص کی اطلاع ملے تو پولیس کو بتایا جائے۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔