صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعرات 25 اپریل 2024 

کیا عقل داڑھ واقعی ہمارے لیے ضروری ہوتی ہے؟

اکثریت ڈیسک | پیر 18 مارچ 2019 

ایک انسان کے کتنے دانت ہوتے ہیں؟ اس سوال کا جواب اکثر افراد 32 دیں گے مگر یہ تعداد اسی وقت ہوتی ہے جب تمام عقل داڑھیں نکل آئیں۔ یعنی 17 سے 25 سال کی عمر کے دوران منہ میں یہ آخری 4 دانت نمودار ہوتے ہیں (کچھ کے نہیں بھی ہوتے) تو اس کے بعد ہی دانتوں کی تعداد 32 ہوتی ہے۔ درحقیقت اگر عقل داڑھیں نہ بھی ہوں تو بھی انسان کا گزارا ہوجاتا ہے بلکہ عام طور پر ان داڑھوں کا نکلنا انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے اور ان کے اگنے کے بعد بھی مسائل سامنے آسکتے ہیں۔

یعنی منہ میں اتنی جگہ نہ ہو جو اس داڑھ کو درکار ہو تو پھر اس کے نکلنے کی کوشش دانتوں کو ٹیڑھا کرنے کے ساتھ مسوڑوں کے لیے بھی تکلیف دہ ثابت ہوتی ہے جس سے انفیکشن، دانتوں کے گرنے اور مسلسل تکلیف کی شکایات ہوسکتی ہیں۔ تاہم اگر اگر منہ میں جگہ ہو تو ان داڑھوں کا نکلنا کسی قسم کے مسائل کا باعث نہیں بنتا اور بعد میں کبھی ان کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہو تو انہیں نکالنے کا آپشن موجود ہے مگر وہ بھی کافی تکلیف دہ طریقہ کار ثابت ہوتا ہے۔

تو سوال یہ ہے کہ جب ہمیں ان داڑھوں کی ضرورت نہیں تو یہ موجود کیوں ہیں؟ تو سائنس کے مطابق اس کا جواب ہزاروں یا لاکھوں سال پہلے کے انسانوں میں چھپا ہے۔ درحقیقت یہ داڑھیں اس وقت انتہائی موثر ثابت ہوتی ہیں جب انسانوں نے آگ کو دریافت نہیں کیا تھا اور کھانا پکانا شروع نہیں کیا تھا۔

تو ان کی بدولت کچے گوشت، گریوں اور سخت سبزیوں کو کھانا آسان ہوجاتا تھا اور یہی وجہ ہے کہ یہ بلوغت کے بعد ہی اگتی ہیں۔ اس زمانے میں اگر لوگ بچپن یا لڑکپن میں کسی وجہ سے دانتوں سے محروم ہوجاتے تو یہ عقل داڑھیں بیک اپ کا بھی کام کرتی تھیں بلکہ اب بھی ایسا ہوتا ہے۔ مگر اب چونکہ لوگ نرم غذا کھاتے ہیں اور اپنے دانتوں کا زیادہ خیال رکھتے ہیں تو انہیں اس اضافی ٹول کی کوئی خاص ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔

یہی وجہ ہے کہ کچھ افراد (لگ بھگ 35 فیصد آبادی) میں یہ داڑھیں نہیں ہوتیں یا 4 کی تعداد میں نہیں ہوتیں۔

ہزاروں سال کے عرصے میں ہمارا جبڑہ آگ کی دریافت کے بعد سے سکڑ چکا ہے مگر وہ جینز جو جبڑے کے حجم کا تعین کرتے ہیں، اس سے بالکل مختلف ہیں جو یہ تعین کرتے ہیں کہ انسان کو کتنے دانتوں کی ضرورت ہے۔

اس کے نتیجے میں ہمارے چھوٹے جبڑوں میں اب بھی 32 دانت فٹ ہوجاتے ہیں اور عقل داڑھ کو اپنی جگہ بنانے کے لیے کافی محنت کرنا پڑتی ہے کیونکہ یہ سب سے آخر میں نمودار ہوتی ہے۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔