صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعرات 28 مارچ 2024 

ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں و مراعات میں اضافے پروزیراعظم برہم

اکثریت ڈیسک | جمعرات 14 مارچ 2019 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کو مایوس کن قرار دے دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پر بیان میں مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین اسمبلی، وزراء اور خصوصاً وزیراعلیٰ کی تنخواہوں و مراعات میں اضافے کا فیصلہ سخت مایوس کن ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان خوشحال ہوجائے تو شاید یہ قابلِ فہم ہو مگر ایسے میں جب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی وسائل دستیاب نہیں، یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے‘۔

وفاقی وزراء بھی پنجاب اسمبلی پر برہم

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی پنجاب اسمبلی کے اس فیصلے پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ پنجاب کے قانون براہ راست پی ٹی آئی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کی خلاف ورزی کررہے ہیں، ان نازک معاشی حالات میں یہ رویہ شرمناک ہے‘۔  وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیر اعلیٰ اور پنجاب اسمبلی کے خود کو نوازنے کے اقدامات وزیراعظم اور وفاقی حکومت کی پالیسیز سے متصادم ہیں، تحریک انصاف کی پالیسی کا صریحاً مذاق اڑایا گیا ہے، امید ہے اس پالیسی پر فوری نظرثانی ہوگی‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب عوامی نمائندگان ترمیمی بل 2019ء تحریکِ انصاف کے رکن غضنفرعباس چھینہ نے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جس کی منظوری قائمہ کمیٹی برائے قانون نے دی اور یوں بل 24 گھنٹے کے اندر منظور بھی ہوگیا۔

بل کے تحت ارکانِ اسمبلی کی تنخواہ اور مراعات 83 ہزار ماہانہ سے بڑھ کر ایک لاکھ 92 ہزار روپے ہوگئی، بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے بڑھا کر 80 ہزارروپے ماہانہ، ڈیلی الاؤنس 1 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار، ہاؤس رینٹ 29 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار، یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے اور مہمان داری الاؤنس 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کردیا گیا۔

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔