صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 29 مارچ 2024 

پی ایس ایل کا پہلا مرحلہ ختم، پلے آف کی چاروں ٹیمیں فائنل

اسپورٹس رپورٹر | منگل 12 مارچ 2019 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا گروپ اسٹیج پر مشتمل پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا اور پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی چاروں ٹیموں کی پوزیشن بھی سامنے آگئی۔

گروپ اسٹیج کے دوران ایونٹ میں شامل تمام 6 ٹیموں نے ایک دوسرے سے 2، 2 میچز کھیلے اور یوں ہر ٹیم نے اپنے تمام 10 میچز پورے کر لیے۔

پشاور زلمی کی ٹیم گروپ میں سرِ فہرست ہے جس نے اپنے 10 میچز میں سے 7 میچز جیتے اور 14 پوائنٹس اور بہتر رن اوسط کے ساتھ پہلے نمبر پر اس مرحلے کا اختتام کیا ہے۔

اس کے علاوہ پورے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی دوسری بہترین ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ہے اور اس نے بھی اپنے 10 میچز میں سے 7 میچز جیت کر 14 پوائنٹس حاصل کیے، لیکن خراب رن اوسط کی وجہ اس کا دوسرا نمبر ہے۔

دونوں ٹیموں نے گروپ کی ابتدائی دونوں پوزیشنز حاصل کیں اور اب یہ دونوں ٹیمیں 13 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدِمقابل ہوں گی۔

کوالیفائر کی فاتح ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جبکہ شکست خوردہ ٹیم کے پاس ایک اور موقع ہوگا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ فائنل تک پہنچ سکے گی اور یہ موقع الیمینیٹر - 2 ہوگا۔

اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ایونٹ میں 10 میچز کھیل کر 5 میچز جیتی اور اتنے ہی میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد 10 پوائنٹس اور بہتر رن اوسط کے ساتھ وہ تیسرے نمبر تک پہنچ سکی۔

دوسری جانب گروپ اسٹیج کی چوتھی اور پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی آخری ٹیم کراچی کنگز کی صورتحال بھی اسلام آباد یونائیٹڈ جیسی ہے۔

اس نے بھی 10 میچز میں سے 5 میچز میں فتح سمیٹ کر 10 پوائنٹس حاصل کیے اور دیگر 5 میچز میں شکست کی وجہ سے رن اوسط خراب رہی یوں اس کا نمبر چوتھا رہا۔

دونوں ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم میں ہی 14 مارچ کو الیمینیٹر - 1 میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گی جہاں شکست کی صورت میں ایک ٹیم کا پی ایس ایل میں سفر تمام ہوجائے گا جبکہ دوسری ٹیم الیمینیٹر - 2 کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جہاں اس کا مقابلہ کوالیفائر کی شکست خوردہ ٹیم سے ہوگا۔

گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں ایونٹ کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکیں اور بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر پی ایس ایل کا اختتام کیا۔

دونوں ٹیمیں اپنے 10 میچوں میں سے صرف 3، 3 میچز ہی جیتنے میں کامیاب ہوئیں جبکہ 7 میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

 

 

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔