صفحۂ اول    ہمارے بارے میں    رپورٹر اکاونٹ    ہمارا رابطہ
جمعہ 19 اپریل 2024 

سینے میں جلن پر قابو پانے میں مددگار غذائیں

اکثریت ڈیسک | جمعہ مارچ 2019 

کیا آپ اکثر سینے کی جلن کا شکار ہوتے ہیں ؟ ہوسکتا ہے کہ آپ کو معلوم نہ ہو مگر معدے کی تیزابیت کا نتیجہ ہوتا ہے جس سے آپ کو سینے میں تکلیف محسوس کوتی ہے۔  ایسا اکثر بہت زیادہ کھانے، موٹاپے کا شکار اور دوران حمل ہوتا ہے۔ کبھی کبھار سینے میں ہونے والی جلن فکرمندی کی بات نہیں تاہم ایسا اکثر ہو تو یہ نظام ہضم کے حوالے سے سنگین امراض کا باعث بن سکتا ہے۔ تاہم چند چھوٹی چیزیں آپ کو سینے کی جلن سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

ادرک

ادرک پاکستان میں عام استعمال ہونے والی چیز ہے جو کہ معدے کے لیے فائدہ مند ہے مگر یہ سینے کی جلن سے نجات دلانے میں بھی مددگار ہے۔ ادرک قدرتی طور پر ورم کش ہے اور غذائی نالی میں ورم کو کم کرتی ہے جو سینے میں جلن کا باعث بنتی ہے۔ اس مقصد کے لیے چائے میں تھوڑی سی ادرک شامل کرکے پی لیں۔

جو اور اناج

معدے میں تیزابیت بڑھنے سے سینے میں جلن کی شکایت ہوتی ہے مگر جو اور اناج میں موجود فائبر اس تیزابیت میں کمی لاتے ہیں۔ فائبر سے بھرپور یہ غذائیں تیزابیت کو جذب کرکے اس کی سطح میں کمی لاتے ہیں، تاہم ان غذاﺅں کو استعمال کرتے ہوئے ٹماٹر یا لہسن کو شامل کرنے سے گریز کرنا سینے کی جلن دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔

سیب

سیب صحت کے لیے بہت فائدہ مند پھل ہے اور یہ بھی سینے میں جلن کی شکایت پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس سیب میں موجود غذائی فائبر سینے کی جلن کی شدت میں کمی لاتی ہے۔ سیب میں موجود منرلز جیسے کیلشیئم، میگنیشم اور پوٹاشیم سب معدے کی تیزابیت میں کمی لاتے ہیں۔

ایلو ویرا کا جوس

ایلو ویرا کا جوس بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے، اگر اکثر سینے میں جلن کی شکایت رہتی ہے تو چوتھائی سے آدھا کپ ایلوویرا جوس کھانے سے پہلے پی لیں یا دن میں کسی بھی وقت، جب سینے میں جلن محسوس ہو۔

کیلے

کیلے بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں جو کہ معدے کی صحت درست رکھنے کے لیے فائدہ مند پھل ہے جو کہ تیزابیت کی سطح بھی کم کرتا ہے، تاہم ایک فیصد مریضوں کے لیے کیلے جلن کو بدتر بھی کرسکتے ہیں تو اس پھل کو پہلی دفعہ آزمانے کے بعد ردعمل کو ذہن میں رکھ کر اگلی بار کھانا بہتر ہوگا۔

سونف

سونف بھی ہر گھر میں موجود ہوتی ہے اور یہ بھی معدے کے لیے فائدہ مند ہے خصوصاً معدے کی تیزابیت کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے جبکہ یہ معدے کے افعال کو بھی بہتر کرتی ہے۔ اگر سینے میں اکثر جلن کی شکایت رہتی ہے تو کھانے کے بعد تھوڑی سی سونف کھالیں یا سونف کا پانی پینا اس میں کمی لاسکتا ہے۔

چیونگم

چیونگم لعاب دہن کی مقدار بڑھا دیتی ہے جو کہ معدے میں تیزابیت کا باعث بننے والی خوراک کے اثرات کو معمول پر لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، تاہم شوگر فری چیونگم ہی اس حوالے سے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

پالک

پالک کیلشیئم سے بھرپور سبزی ہے جو ہڈیوں کی صحت بہتر بناتی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ معدے میں تیزابیت کی سطح بھی کم کرتی ہے جس سے سینے میں جلن کی تکلیف میں ریلیف ملتی ہے۔

پانی کا ایک گلاس پینا

ایک تحقیق کے مطابق سینے کی جلن کی شکایت کی صورت میں پانی اکثر ادویات سے زیادہ تیزی سے کام کرتا ہے کیونکہ یہ آپ کے معدے میں ایک کیمیکل کی مقدار کو بڑھاتا ہے جس سے جلن کی کیفیت میں آرام محسوس ہونے لگتا ہے۔

ایک چٹکی بیکنگ سوڈا

بیکنگ سوڈا کے متعدد فوائد ہیں اور یہ سینے میں جلن سے بھی تیزی سے ریلیف دلانے میں مدد دیتا ہے۔ چوتھائی چائے کے چمچ بیکنگ سوڈا چوتھائی کپ پانی میں ملائیں اور پی لیں۔ اگر جلن کا احساس برقرار رہے تو اس مشروب کو پھر پی لیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

ہمارے بارے میں جاننے کے لئے نیچے دئیے گئے لنکس پر کلک کیجئے۔

ہمارے بارے میں   |   ضابطہ اخلاق   |   اشتہارات   |   ہم سے رابطہ کیجئے
 
© 2020 All Rights of Publications are Reserved by Aksriyat.
Developed by: myk Production
تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2020 اکثریت۔